پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کراچی پریس کلب میں “میٹ دی پریس” کے دوران کی جانے والی حالیہ تقریر نے ملکی سیاسی منظر نامے میں ایک نئی ہلچل پیدا کردی ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور سندھ کے دیگر شہری علاقے بدترین انتظامی نااہلی، ٹوٹی ہوئی سڑکوں، ابلتے ہوئے گٹروں اور بنیادی سہولیات سے محرومی کے باعث چیخ اٹھے ہیں، اور عوام و تاجر برادری اِن ناگفتہ بہ حالات سے جان چھڑانے کے لیے آئینی اور جمہوری دائرہ کار میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کا مطالبہ کر رہی ہے، بلاول بھٹو کا ردعمل کسی سیاسی لیڈر کا نہیں بلکہ پرانی جاگیردارانہ اور وڈیرہ شاہی سوچ کا عکاس نظر آتا ہے۔
جمہوری لبادہ اور فسطائیت کی دھمکیاں
بلاول بھٹو زرداری نے اپنی اس تقریر میں بظاہر تو یہ مؤقف اختیار کیا کہ وہ کسی بھی زبردستی کی تقسیم کے خلاف ہیں، لیکن ان کے الفاظ کے اندر چھپی دھمکیاں کھلی فسطائیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، انہوں نے برملا خبردار کیا کہ اگر سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو “کراچی اور حیدرآباد کی سڑکوں پر خون بہے گا”، اور یہ خونریزی صرف ان دو شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کا دائرہ کار میرپورخاص، ٹنڈو الہ یار اور نوابشاہ تک پھیل سکتا ہے۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک جمہوری سیاستدان ہونے کا دعویٰ کرنے والا شخص اپنے ہی ملک کے شہریوں، جو کہ پرامن طریقے سے اپنے انتظامی مسائل کا حل اور بہتر گورننس مانگ رہے ہیں، انہیں خون کی ندیاں بہانے اور لاشیں گرانے کی دھمکیاں کیسے دے سکتا ہے؟ کیا سندھ کے شہری باسیوں کو اپنے بنیادی حقوق، بہتر روڈ انفراسٹرکچر اور اچھے انتظامی ڈھانچے کا مطالبہ کرنے کا آئینی حق حاصل نہیں ہے؟
شہری آبادی پر جبر اور سندھ کی وسائل پر اجارہ داری
حقیقت یہ ہے کہ سندھ کے شہری علاقے خصوصاً کراچی اور حیدرآباد دہائیوں سے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی امتیازی سلوک اور تعصب کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں ، کراچی جو پاکستان کی معاشی رگِ جاں ہے، جہاں کا ریونیو پورے ملک کو چلاتا ہے، آج خود کھنڈر بن چکا ہے، شہر کی ہر سڑک کھدی ہوئی ہے، سیوریج کا نظام بیٹھ چکا ہے، اور کچرے کے ڈھیروں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
ایسے میں جب عوام اور تاجر برادری پنجاب یا دیگر ترقی یافتہ ماڈلز کی طرز پر بہتر انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کی آواز اٹھاتی ہے، تو حکمران طبقے کی طرف سے اسے “سندھ دشمنی” کا نام دے کر ڈرایا دھمکایا جاتا ہے، بلاول بھٹو کی یہ دھمکیاں دراصل اس خوف کی غماز ہیں کہ اگر شہری سندھ کو انتظامی آزادی مل گئی تو وڈیرہ شاہی کا وہ طلسم ٹوٹ جائے گا جس کے ذریعے دہائیوں سے سندھ کے وسائل پر ایک مخصوص طبقے کا قبضہ چلا آ رہا ہے۔
دوہرے معیار کی سیاست
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو ایک طرف تو پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کے حامی یا اس بحث کا حصہ بنتے ہیں، لیکن جب بات اپنے صوبے کے مظلوم اور پِسے ہوئے شہری علاقوں کی آئے تو وہاں “خون بہانے” کے اعلان کردیے جاتے ہیں۔ ، کیا کراچی اور حیدرآباد کے شہری انسان نہیں ہیں؟ کیا ان کا حق نہیں ہے کہ وہ اپنے بچوں کو صاف ماحول، بہتر تعلیمی ادارے اور ٹوٹی پھوٹ ٹریفک سے پاک سڑکیں فراہم کریں؟ بلاول کا یہ اندازِ تخاطب اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی آڑ میں دراصل سندھ کے شہری علاقوں پر اپنی زبردستی کی سرداری مسلط رکھنا چاہتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی یہ دھمکیاں کسی سیاسی بصیرت کا نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی سیاسی بے چینی اور عوامی ردعمل کے خوف کا نتیجہ ہیں۔ سندھ کے شہری اب اس گدلے نظام سے تنگ آ چکے ہیں ، سڑکوں پر ٹوٹی موٹر سائیکلیں، گٹروں میں گرتے شہری اور ان پر سیاسی دباؤ اور خون خرابے کی دھمکیاں اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکتیں۔ وقت آ گیا ہے کہ طاقت کے زور پر ڈرانے اور دھمکانے کی اس فرسودہ سیاست کو مسترد کرتے ہوئے عوام کے آئینی، جمہوری اور انتظامی حقوق کو تسلیم کیا جائے۔