اسمارٹ فون کی رفتار بہتر رکھنے کے لیے بعض صارفین باقاعدگی سے کیشے فائلز صاف کرتے رہتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس عادت کے کچھ منفی اثرات بھی ہوسکتے ہیں؟
کیشے دراصل موبائل فون میں محفوظ ہونے والا عارضی ڈیٹا ہوتا ہے، جسے مختلف ایپس تیزی سے کام کرنے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر جب آپ کوئی ایپ کھولتے ہیں تو اس کا لوگو، تصاویر، ویڈیو تھمب نیلز اور دیگر معلومات دوبارہ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بجائے کیشے سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اس طریقے سے ایپس جلد کھلتی ہیں اور فون کو بار بار ایک ہی معلومات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یوں کیشے اسمارٹ فون کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تاہم وقت گزرنے کے ساتھ مختلف ایپس کی کیشے فائلز میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے فون کی اسٹوریج کا کچھ حصہ استعمال ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے صارفین کو بعض اوقات کیشے صاف کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوسکتا ہے جب آپ روزانہ یا ہر تھوڑی دیر بعد تمام ایپس کی کیشے فائلز ڈیلیٹ کرنے لگتے ہیں۔
جب کیشے صاف کردی جاتی ہے تو ایپس کو ضروری عارضی ڈیٹا دوبارہ تیار یا ڈاؤن لوڈ کرنا پڑتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بعض ایپس پہلی مرتبہ کھلنے پر قدرے سست ہوسکتی ہیں، جبکہ انٹرنیٹ ڈیٹا بھی زیادہ استعمال ہوسکتا ہے۔
جدید اسمارٹ فونز کے آپریٹنگ سسٹم عموماً عارضی فائلز اور اسٹوریج کو خود منیج کرتے ہیں، اس لیے ہر روز کیشے صاف کرنا ضروری نہیں ہوتا۔
بہتر طریقہ یہی ہے کہ کیشے فائلز کو بلاوجہ بار بار ڈیلیٹ کرنے کے بجائے ضرورت کے وقت صاف کیا جائے۔ مثال کے طور پر جب کوئی ایپ غیر معمولی طور پر سست چل رہی ہو، بار بار کریش ہو رہی ہو یا اس کی لوڈنگ میں مسئلہ آرہا ہو تو اس ایپ کی کیشے صاف کرنے سے مدد مل سکتی ہے۔
یاد رکھیں، کیشے فائلز اور ایپ کا ذاتی ڈیٹا ایک جیسی چیزیں نہیں ہیں۔ کیشے صاف کرنے سے عموماً لاگ اِن یا ذاتی معلومات ڈیلیٹ نہیں ہوتیں، لیکن کلئیر ڈیٹا کا انتخاب کرنے سے ایپ کی سیٹنگز اور محفوظ شدہ معلومات ختم ہوسکتی ہیں۔