انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا۔
آئی سی سی کے مطابق یہ واقعہ 13 نومبر کو نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ مانگانوئی کے بے اوول میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں گرنور برار نے ٹم سیفرٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا۔
کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ بھارتی بولر کا یہ انداز آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی تھا۔ اس ضابطے کے تحت کسی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر ایسے الفاظ، اشاروں یا حرکات کی اجازت نہیں جو اس کی توہین کا باعث بنیں یا اسے اشتعال دلائیں۔
آئی سی سی نے گرنور برار کی سرزنش کرتے ہوئے ان کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا۔ یہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کی دوسری خلاف ورزی تھی۔
بھارتی فاسٹ بولر نے اپنی غلطی تسلیم کرلی اور میچ ریفری رنجن مدوگالے کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے بعد اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔