بھارت کے معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اندور میں ہونے والے اپنے کنسرٹ کو معروف شاعر راحت اندوری کے نام کردیا۔ گلوکار نے اسٹیج پر راحت اندوری کے مشہور اشعار پڑھ کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلجیت دوسانجھ کے دلومیناتی ٹور کے اندور کنسرٹ سے صرف ایک روز قبل ہندو تنظیم بجرنگ دل نے احتجاج کیا تھا۔ تنظیم نے کنسرٹ میں شراب اور گوشت پیش کیے جانے پر اعتراضات اٹھائے تھے۔
دنیا بھر میں کامیاب کنسرٹس کرنے والے دلجیت دوسانجھ نے اس احتجاج اور تنقید کے بعد اپنے انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اندور کنسرٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں معروف شاعر راحت اندوری کے اشعار پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دلجیت دوسانجھ راحت اندوری کی مشہور نظم کے یہ اشعار اپنے منفرد انداز میں پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں:
’اگر خلاف ہیں تو ہونے دو، جان تھوڑی ہے
یہ سب دھواں ہے، کوئی آسمان تھوڑی ہے
سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹی میں
کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے‘
دلجیت دوسانجھ نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ گزشتہ روز کا کنسرٹ راحت اندوری کے نام رہا۔ گلوکار کی جانب سے راحت اندوری کے اشعار پیش کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔