گزشتہ 18 برسوں سے سندھ پر بلاشرکتِ غیرے حکمرانی کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کے تعلیمی اصلاحات اور عوامی خدمت کے تمام دعووں کی قلعی خود سندھ کابینہ کی اپنی رپورٹ اور حالیہ سرکاری و عالمی اعداد و شمار نے کھول کر رکھ دی ہے۔
دستاویزی رپورٹس کے مطابق صوبے کے تعلیمی شعبے پر مجموعی طور پر 15 کھرب روپے سے زائد کا خطیر بجٹ خرچ کرنے کے دعووں کے باوجود آج بھی سندھ کے 74 لاکھ معصوم بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ 5 ہزار 922 سرکاری اسکول پینے کے صاف پانی، بجلی، بیت الخلا اور چار دیواری جیسی بنیادی ترین سہولیات سے بھی یکسر محروم ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وفاقی سطح پر تو جمہوریت، انسانی حقوق اور ترقی کے بلند بانگ لیکچر دیتے نظر آتے ہیں مگر اپنے ہی صوبے سندھ میں، جہاں ان کی جماعت گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے زائد عرصے سے برسرِ اقتدار ہے، تعلیم کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔
سرکاری و عالمی اداروں کی رپورٹس اس تلخ حقیقت کو بے نقاب کرتی ہیں کہ سندھ میں 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریباً 44 فیصد بچے تعلیم کے بنیادی آئینی حق سے محروم ہیں، جبکہ دیہی سندھ میں یہ صورتحال مزید بھیانک ہے جہاں ہر دو میں سے ایک بچہ اسکول کی شکل تک نہیں دیکھ پاتا۔
کھربوں روپے کا بجٹ کہاں گیا؟ گھوسٹ اسکول اور وڈیروں کے اوطاق
اگر گزشتہ 18 برسوں میں تعلیم کے نام پر 15 کھرب روپے کے لگ بھگ بجٹ مختص کیا گیا اور عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور یونیسیف جیسے اداروں سے بھی کروڑوں ڈالر کی امداد لی گئی، تو پھر زمینی سطح پر نتائج صفر کیوں ہیں؟
ناقدین کے مطابق اس خطیر رقم کا بڑا حصہ کرپشن، کمیشن مافیا، گھوسٹ اساتذہ کی تنخواہوں اور کاغذی منصوبوں کی نذر ہو گیا۔ دیہی سندھ میں ہزاروں سرکاری اسکولوں کی عمارتیں یا تو کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں یا بااثر وڈیروں اور جاگیرداروں نے انہیں اپنے اوطاقوں اور مویشیوں کے باڑوں میں تبدیل کر رکھا ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کی صوبائی حکومت اس تعلیمی نسل کشی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
5,922 اسکول بنیادی سہولیات سے محروم، معصوم بچے کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور
سندھ کابینہ کے سامنے پیش کی جانے والی محکمہ تعلیم کی اپنی دستاویزات میں یہ اعتراف موجود ہے کہ صوبے کے 5 ہزار 922 اسکولوں میں چار دیواری، بیت الخلا، بجلی اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔ ہزاروں اسکول ایسے ہیں جہاں چھتیں گر چکی ہیں یا صرف ایک کمرے اور ایک استاد کے سہارے پورا اسکول چلایا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف پیپلز پارٹی کی قیادت عوام کو جان بوجھ کر جہالت کے اندھیروں میں دھکیل رہی ہے تاکہ ان کا جاگیردارانہ ووٹ بینک سلامت رہے، اور دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری دیگر صوبوں میں جا کر گورننس اور ترقی کے دعوے کرتے ہیں۔
بچیوں کی تعلیم کا بدترین بحران اور بلاول بھٹو کا دوہرا معیار
رپورٹس کے مطابق سندھ میں تعلیمی تباہی کا سب سے زیادہ نشانہ بچیاں بنی ہیں، جہاں 40 لاکھ سے زائد بچیاں اسکولوں سے باہر ہیں اور دیہی سندھ میں خواتین کی شرحِ خواندگی انتہائی شرمناک سطح پر آ چکی ہے۔ سماجی و شہری تنظیموں کا مؤقف ہے کہ جو جماعت سندھ کے 74 لاکھ بچوں کو قلم اور کتاب نہیں دے سکی اسے ملک کے کسی اور حصے میں حکمرانی یا نظام پر تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں۔
ناقدین نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے تعلیمی بجٹ کے 15 کھرب روپے کا مکمل فارنزک آڈٹ کرایا جائے تاکہ یہ بے نقاب ہو سکے کہ عوام کے ٹیکسوں اور بچوں کے مستقبل کا پیسہ کن جیبوں میں منتقل ہوا ہے