بھارتی رافیل کی تعداد 32 رہ گئی، گنتی میں 4 کا فرق، کیا مئی کی جنگ میں پاکستان نے 4 طیارے گرائے؟ برطانوی جریدے نے نئے راز کھول دیے

بھارتی رافیل کی تعداد 32 رہ گئی، گنتی میں 4 کا فرق، کیا مئی کی جنگ میں پاکستان نے 4 طیارے گرائے؟ برطانوی جریدے نے نئے راز کھول دیے

پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی2025  میں فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی رافیل جنگی طیارے گرائے جانے کا تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔

برطانوی فضائی و دفاعی جریدے فلائٹ گلوبل کی 2027 کی تازہ فہرست میں بھارتی فضائیہ کے فعال رافیل طیاروں کی تعداد 36 کے بجائے 32 درج کی گئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان طیاروں کے نقصانات سے متعلق پہلے سے جاری بحث نے نئی اہمیت اختیار کر لی ہے۔

معروف برطانوی فضائی جریدے فلائٹ گلوبل کی تازہ ترین عالمی فضائی ڈائریکٹری برائے 2027 میں بھارتی فضائیہ کے پاس فعال رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد 32 درج کی گئی ہے، جو کہ نئی دہلی کے سرکاری طور پر تسلیم شدہ 36 طیاروں کے بیڑے سے 4 طیارے کم ہے۔

بین الاقوامی ہوا بازی اور ایرو اسپیس کی خبریں شائع کرنے والے اس ادارے کی جانب سے 10 نومبر کو جاری کردہ اس فہرست نے مئی 2025 کی پاک بھارت فوجی جھڑپ کے دوران ہونے والے نقصانات پر ایک بار پھر شدید بحث چھیڑ دی ہے۔

یہ بیھ پڑھیں:معرکہ حق میں شکست ،بھارتی جنگی جنون میں اضافہ، 26 کے بجائے 31 رافیل طیارے خریدے گا

فلائٹ گلوبل ہر سال دنیا کے 161 ممالک کے فوجی طیاروں کے بیڑوں کا مستند ریکارڈ مرتب کرتا ہے۔ اگرچہ ڈائریکٹری میں طیاروں کی مجموعی تعداد میں کمی کسی طیارے کے سروس سے باہر ہونے کی وجہ یا طریقہ کار کی آزادانہ تصدیق نہیں کرتی۔

تاہم یہ اعداد و شمار بھارتی فضائیہ کے اس مؤقف سے براہِ راست متصادم ہیں جس میں اس نے جون 2025 میں فرانس سے خریدے گئے تمام 36 رافیل طیاروں کے مکمل طور پر فعال ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

برطانوی جریدے کی تحقیق اور طیاروں کے سیریل نمبرز

اس سے قبل ستمبر اور دسمبر 2025 کے درمیان برطانیہ ہی کے ایک اور فضائی جریدے کی ایرو نے بھی ایک تفصیلی تجزیہ شائع کیا تھا۔

اس رپورٹ میں ان دعوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تھا کہ مئی 2025 کے فضائی تصادم میں بھارت کے 4 رافیل طیارے مار گرائے گئے تھے، جن کے ٹیل یا سیریل نمبرز بالترتیب بی ایس 001، بی ایس 021، بی ایس 022 اور بی ایس 027 بتائے گئے تھے۔

دوسری جانب بھارتی حکام نے 4 رافیل طیاروں کے نقصان کی رپورٹس کو ہمیشہ مسترد کیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھارتی حلقوں کی جانب سے جوابی دعوؤں میں جھڑپ کے بعد مخصوص سیریل نمبرز، بالخصوص بی ایس 022 کی عوامی سطح پر موجودگی اور پرواز کی تصاویر دکھا کر طیارے گرائے جانے کی خبروں کی تردید کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

مئی 2025 کا تصادم اور عالمی ردِ عمل

عالمی فضائی ڈائریکٹری کے یہ تازہ اعداد و شمار پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں ہونے والی شدید فوجی جھڑپ کے تقریباً 18 ماہ بعد سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ 6 مقامات پر شہری آبادی اور تنصیبات کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا تھا، جسے نئی دہلی نے آپریشن سندور کا نام دیا تھا۔

مزید پڑھیں:بھارت خوش نصیب تھا کہ پاکستان نے اس کے چار سے زیادہ رافیل طیارے نہیں گرائے، بین الاقوامی ایوی ایشن ایکسپرٹ

پاکستانی فوج نے اس جارحیت کے بھرپور جواب میں 5 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرانے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ برس ایک نیوز بریفنگ کے دوران پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے باضابطہ طور پر تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے تباہ کیے ہیں، جن میں فرانس کے ساختہ تین رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل تھے۔

نئی دہلی نے اس مختصر مگر شدید تصادم کے دوران کسی بھی طیارے کے نقصان سے مسلسل انکار کیا، تاہم متعدد بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات نے بھارتی مؤقف کی نفی کی۔

جھڑپ کے چند روز بعد ایک سینیئر فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا تھا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا کم از کم ایک رافیل طیارہ مار گرایا ہے، جو فرانسیسی ساختہ اس جدید طیارے کا پہلا معلوم جنگی نقصان ہو سکتا ہے۔

علاوہ ازیں  اگست 2025 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مئی میں پاک بھارت تنازع کے دوران 7 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ اگلے مرحلے میں داخل ہو کر ایٹمی جنگ بننے جا رہی تھی اور اس دوران 7 جیٹ طیارے گرائے جا چکے تھے۔

بھارت نے 2 دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد اپنے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کے لیے 2016 میں فرانس کے ساتھ تقریباً 8.7 ارب ڈالر مالیت کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدے گئے تھے۔ نئی دہلی نے ان طیاروں کو خطے میں طاقت کا توازن اپنے حق میں کرنے کے لیے ایک فیصلہ کن ہتھیار کے طور پر پیش کیا تھا۔

تاہم، عالمی سطح پر تسلیم شدہ فضائی ڈائریکٹری میں 4 رافیل طیاروں کی کمی کا اندراج نئی دہلی کے لیے ایک بڑا سفارتی اور عسکری دھچکا ہے۔

جب کوئی ملک اپنے دفاعی بیڑے کے مکمل ہونے کا دعویٰ کرے لیکن بین الاقوامی ریکارڈز میں طیاروں کی تعداد کم ظاہر ہو، تو اس سے نہ صرف سرکاری بیانیے کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ خطے میں فضائی برتری کے دعوؤں کی حقیقت بھی آشکار ہو جاتی ہے۔

بھارت کی جانب سے ان 4 طیاروں کے غائب ہونے یا سروس سے باہر ہونے کی کوئی ٹھوس تکنیکی وجہ سامنے نہ آنا اس بات کو مزید تقویت دیتا ہے کہ مئی 2025 کی فضائی جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کو واقعی بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا، جسے پردہ داری کے ذریعے چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

36  اور 32 طیاروں کا فرق، اصل حقیقت کیا ہے؟

فلائٹ گلوبل کی 2027 کی ڈائریکٹری میں بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد 32 درج ہونا یقیناً ایک اہم پیش رفت ہے، لیکن اس کے نتائج اخذ کرتے ہوئے چند بنیادی حقائق کو الگ الگ دیکھنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:رافیل طیارے پاکستان کے خلاف کیوں ناکام ہوئے؟ بھارت کی فضائی طاقت کی حقیقت بے نقاب ہوگئی

اول، بھارتی فضائیہ نے 36 طیاروں کی موجودگی کا مؤقف اختیار کیا تھا۔ دوم، پاکستان نے مئی2025  میں متعدد بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کا اعلان کیا تھا۔

سوم، فرانسیسی انٹیلی جنس ذرائع سے کم از کم ایک رافیل کے نقصان کی اطلاع بھی سامنے آئی تھی۔ اب چوتھی اہم پیش رفت یہ ہے کہ بین الاقوامی فضائی بیڑے کی نئی فہرست میں بھارتی رافیل طیاروں کی تعداد32  درج کی گئی ہے۔

ان تمام معلومات کو یکجا کرنے سے بھارتی فضائی بیڑے کی تعداد میں فرق کا سوال ضرور پیدا ہوتا ہے، لیکن اس فرق کو براہِ راست چار رافیل طیاروں کی جنگ میں تباہی قرار دینا فی الحال درست نہیں ہوگا۔

اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ بھارت اپنی سرکاری فہرست میں 36 طیاروں کی تعداد برقرار رکھتا ہے یا نئی ڈائریکٹری کے اعداد و شمار پر کوئی وضاحت پیش کرتا ہے۔

 اگر طیاروں کی تعداد میں واقعی تبدیلی آئی ہے تو اس کی وجہ، تاریخ اور متعلقہ طیاروں کی عملی حیثیت سامنے آنا ضروری ہے۔ مئی 2025 کی فضائی جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی کامیابیوں کے دعوؤں کی جنگ بھی جاری رہی ہے۔

Related Articles