سینئر اینکر پرسن منصور علی خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتی اور پارلیمانی عہدوں میں موجودگی اور سیاسی جماعتوں کے جمہوری مؤقف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومتی اور پارلیمانی ڈھانچے کا جائزہ لیا جائے تو سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔
بلوچستان میں بھی اس کی حکومت ہے، خیبرپختونخوا میں گورنر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، چیئرمین سینیٹ اور صدر مملکت بھی پیپلز پارٹی سے ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت اور پنجاب میں گورنر اسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔منصور علی خان کے مطابق عہدوں کی پوری فہرست اٹھا کر دیکھی جائے تو پیپلز پارٹی حکومتی ڈھانچے میں کافی حد تک اکثریتی پوزیشن میں نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی تعریف کی، لیکن جب خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ سامنے آیا تو پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان دونوں نے اپنا اپنا حصہ وصول کیا۔ اس وقت کسی نے یہ نہیں سوچا کہ 26ویں یا 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے قانون سازی کس انداز میں ہو رہی ہے، بلکہ سب نے مل بانٹ کر اپنا حصہ لے لیا۔
منصور علی خان نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کا برسوں پرانا بنیادی فارمولا یہی رہا ہے کہ جب تک سیاسی جماعتوں کو عہدے ملتے رہیں، حکمرانی اور اقتدار ان کے پاس رہے تو سب کچھ ٹھیک دکھائی دیتا ہے۔ جمہوریت لنگڑی ہو یا لولی، جیسی بھی ہو، انہیں منظور ہوتی ہے، لیکن جیسے ہی مفادات کا ٹکراؤ ہوتا ہے اور مطلوبہ عہدے یا اختیارات نہیں ملتے تو انہیں نظام کی خامیاں اور جمہوریت کے نقائص نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ یہاں پیسوں نہیں بلکہ حکومتی عہدوں اور اقتدار میں حصے کی بات کر رہے ہیں۔