پیپلز پارٹی کی قیادت انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں لے کر میدان میں اتری ہے ،فیاض الحسن چوہان

پیپلز پارٹی کی قیادت انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں لے کر میدان میں اتری ہے ،فیاض الحسن چوہان

سینئر سیاستدان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست ایک بڑے عجیب و غریب دوراہے پر آ کر کھڑی ہو گئی ہے، اور وہ تمام سیاستدان جنہوں نے پچھلی کئی دہائیوں سے ملک کی سیاست، معیشت، خزانے اور دولت کو اپنے گھر کی باندی اور لونڈی بنا کر رکھا، خوب لوٹا، نوچا، کھایا پیا، موج کی، حکمرانی اور اقتدار کے مزے لوٹے، تخت و تاج اپنے سروں پر بٹھایا اور اپنے خاندان کے بچوں، لڑکوں اور لڑکیوں کو ہیرو بنا کر عوام کے سروں پر مسلط کیا، آج انہیں پاکستان کی ریاست، اسٹیبلشمنٹ اور حالات و واقعات سے چڑ ہونا شروع ہو گئی ہے۔

آزاد ڈیجیٹل پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج یہ سیاستدان کہتے ہیں کہ معاملات ٹھیک نہیں چل رہے، ملک ٹھیک ڈگر پر نہیں ہے اور ملک کے اندر نئے صوبے بنانے کے حوالے سے عجیب و غریب ڈسکشنز اور پروپوزلز آنا شروع ہو گئے ہیں۔

ان سیاستدانوں میں پیپلز پارٹی، آصف زرداری اور بلاول زرداری کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور سامنے آنے سے پہلے انہوں نے پوری دنیا کی عالمی طاقتوں خصوصاً برطانیہ اور یورپ کے دورے کر کے وہاں سارے معاملات سیٹ کیے، مذاکرات کیے اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں لیا، کیونکہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کبھی نہیں چاہے گی کہ دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان اپنے پاؤں اور سہارے پر کھڑا ہو ۔

انہوں نے ایک امریکن اسکالر کی کتاب نو ایگزٹ فرام پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں واضح لکھا ہے کہ امریکی اسٹیبلشمنٹ کی 1998 کے بعد سے یہ پالیسی رہی ہے کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہونے دینا۔

فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں لے کر اس لیے میدان میں اتری ہے تاکہ پاکستان کی معیشت کو آگے نہ چلنے دیا جائے اور اگر ریاست اور اسٹیبلشمنٹ ملک کے سیاسی نظام کی خامیوں اور تضادات کو دور کرنے یا جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں اور چند خاندانوں کی سیاست کو روکنے کے لیے کوئی پالیسی بناتی ہے تو اسے کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :فضل الرحمان نے لوٹ مار بمعہ اہل و عیال کی تو احتساب بھی بمعہ اہل عیال ہوگا ،فیاض الحسن چوہان

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ان عناصر نے پہلے کالا باغ ڈیم نہیں بننے دیا، جسے روکنے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ ہر سال ایک ارب روپیہ لگاتی ہے، اور یہ بات بھارتی تجزیہ نگار، سیاستدان اور پاکستان کے غیر جانبدار تجزیہ نگار بھی تسلیم کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح نئی نہروں کی تعمیر روک کر دریائے سندھ اور دریائے چناب کا پانی ضائع کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب اور دیگر علاقوں میں نئے صوبے نہیں بننے دیے جا رہے، اور کل یہ لوگ پاکستان کی تعمیر و ترقی کی راہ میں بھی رکاوٹ بنیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں کی گئی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وقتی انقلابی بن کر سامنے آنے سے پہلے انہوں نے سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان کو لانچ کیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان کے بقول، تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھڑا ہونے کی ہلہ شیری دی کیونکہ انہیں اقتدار اور وزارتوں میں حصہ نہیں ملا تھا اور وہ اقتدار کے بغیر مچھلی کی طرح زندہ نہیں رہ سکتے۔ تاہم، جب مولانا فضل الرحمان کو آگے کیا گیا تو ریاست نے ان کے خلاف مقدمات، کرپشن اور مبینہ بے ضابطگیوں کی فائلیں عوام کے سامنے رکھ دیں اور ان کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی، جس کے بعد وہ مہرہ ناکام ہو گیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس کے بعد آصف زرداری نے بلاول زرداری کو چی گویرا، عبداللہ بھٹی اور بھگت سنگھ بنا کر پیش کیا، لیکن ان کی پوری تقریر تضادات اور جھوٹ پر مبنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری نے ریاست، اسٹیبلشمنٹ اور ریاستی اداروں کے خلاف جو چارج شیٹ پیش کی ہے، اس کے ہر عمل میں وہ خود اور ان کے والد آصف زرداری شریک رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے سوال اٹھایا کہ آج بلاول کو بانی تحریک انصاف یاد آ رہے ہیں اور وہ ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن 2022 میں تحریک عدم اعتماد کس نے چلائی تھی؟ مبینہ طور پر خریدے گئے 22 اراکین اسمبلی کو سندھ ہاؤس میں کس نے رکھا تھا؟ اس وقت آصف زرداری فخر سے کہتے تھے کہ اسٹیبلشمنٹ کام خراب ہونے کے بعد انہیں بلاتی ہے اور وہ فرنٹ فٹ پر آ کر معاملات ٹھیک کرتے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے بلاول بھٹو زرداری کے بطور وزیر خارجہ ڈیڑھ سالہ دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکہ، برطانیہ، چین، روس، کمبوڈیا، ایران، ترکی اور قطر سمیت 22 غیر ملکی دورے کیے اور اربوں روپے خرچ کیے، لیکن ان دوروں سے ملک کو ایک فیصد بھی فائدہ نہیں ہوا، نہ کوئی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی اور نہ ہی مسئلہ کشمیر یا افغان طالبان کے معاملے پر کوئی پیش رفت ہوئی، بلکہ یہدورے محض سیر و سیاحت اور ذاتی آپریشنز کے لیے تھے۔

2023 کے بلدیاتی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے چوہان نے سوال کیا کہ کراچی میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے 192 یو سی چیئرمین ہونے اور اکثریت نہ ہونے کے باوجود مرتضیٰ وہاب میئر کیسے بن گئے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کے دن کلفٹن میں 32 یو سی چیئرمینوں کو نظر بند اور یرغمال بنا کر دھاندلی کے ذریعے اپنا امیدوار کامیاب کرایا گیا، اس وقت جمہوریت اور اخلاقیات کہاں گئی تھیں؟ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خود ایک خاندانی پارٹی ہے جہاں بھٹو یا زرداری خاندان کے علاوہ کوئی چیئرمین نہیں بن سکتا، اس لیے ان کے منہ سے جمہوریت کی باتیں جچتی نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :نئے صوبوں پر خونریزی کی دھمکی کے بعد خون کا ایک قطرہ بھی گرا تو ذمہ دار بلاول بھٹو ہوں گے، مصطفیٰ کمال

انہوں نے کہا کہ 2021 کے آخر میں بانی تحریک انصاف نے نیب کی 20 سے 25 نئی عدالتیں بنانے کا مسودہ تیار کر لیا تھا جس کے تحت نون لیگ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کے رہنماؤں کو سزائیں ہونی تھیں، جس سے بچنے کے لیے یہ لوگ بھاگ کر اسٹیبلشمنٹ کے قدموں میں گرے تھے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی پر بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سندھ کی ترقی کے لیے دیے گئے 1500 ارب روپے کا حساب دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمور اور سکھر سے لے کر کراچی تک کوئی ترقی نظر نہیں آتی؛ کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے، نالے ابل رہے ہیں اور سمندر کنارے آباد اس شہر کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، جہاں صاف پانی کی فراہمی کے نام پر روزانہ 60 کروڑ روپے کی رشوت چلتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ہسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین اور نواب شاہ کے سول ہسپتال سمیت بدین، عمرکوٹ اور سکھر کے ہسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات اور آلات موجود نہیں ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے حکومت، یونیسیف اور ورلڈ بینک کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں 74 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، 6 ہزار اسکولوں میں سہولیات صفر ہیں اور 1600 گھوسٹ اسکول موجود ہیں

ان کے مطابق بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کی اصل وجہ نئے صوبوں کی تشکیل کا خوف ہے، کیونکہ اگر نئے صوبے بن گئے تو 6 کروڑ عوام پر ان کی اجارہ داری ختم ہو کر 2 یا 3 کروڑ تک محدود ہو جائے گی، جس سے مبینہ کرپشن، بھتہ خوری اور منتھلیوں کا سلسلہ کم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کا ان صوبوں سے کوئی ذاتی، خاندانی یا سیاسی مفاد وابستہ نہیں ہے، وہ ایک اپر مڈل کلاس سے اٹھ کر ملک کے وقار میں اضافہ کر رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ جہاں سیاستدان ناکام ہو چکے ہیں، وہاں بڑی آبادی اور رقبے والے صوبوں کے انتظامی مسائل حل کر کے گڈ گورننس لائی جائے تاکہ پاکستان کو توڑنے کی دشمن ایجنسیوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

آخر میں فیاض الحسن چوہان نے بلاول بھٹو زرداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں واقعی اتنا دکھ ہے اور ان کے اندر انقلاب جاگ رہا ہے تو وہ اپنے والد آصف زرداری سے صدارت سے استعفیٰ دلوائیں، اپنے تینوں گورنرز اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ سے استعفے دلوائیں، قومی و صوبائی اسمبلی کی وہ 14 سیٹیں واپس کریں جو ان کے بقول تحریک انصاف کی تھیں، اور کھل کر اپوزیشن میں آئیں۔

تاہم، چوہان نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ لوگ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ گزشتہ 18 سالوں کی مبینہ کرپشن کی تمام فائلیں ریاست کے پاس موجود ہیں، اور گزشتہ روز رینجرز کی ایک میٹنگ میں جب ہر قسم کی منتھلی، بھتہ خوری، کرپشن اور گینگ کلچر ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو انہیں تکلیف پہنچی اور وہ پریس کانفرنس کرنے آ گئے۔

editor

Related Articles