پاکستان کے سیاسی اور آئینی حلقوں میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے شدید ردِعمل نے ایک نئی آئینی و سیاسی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
آئینی و قانونی ماہرین اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جس عوامی ریفرنڈم کو مسترد کرتے ہوئے اس پر اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، دراصل وہی ریفرنڈم ان کے نانا اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے گئے 1973ء کے متفقہ آئین کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق (6) کا باقاعدہ اور ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے۔
دستاویزی شواہد اور آئینِ پاکستان 1973ء کی کتاب کے مطابق، جب ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا گیا تو اس میں قومی اہمیت کے حامل کسی بھی بڑے معاملے پر براہِ راست عوام کی رائے جاننے کے لیے ‘ریفرنڈم’ کو ایک باقاعدہ آئینی راستے کے طور پر شامل کیا گیا۔
آئینی ماہرین کے مطابق آج بلاول بھٹو زرداری کا ریفرنڈم کی مخالفت کرنا نہ صرف جمہوری اصولوں سے انحراف ہے بلکہ یہ خود ان کے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے دیے گئے آئینی فلسفے کی کھلی نفی اور سیاسی یوٹرن ہے۔
آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 48(6) کیا کہتا ہے؟ دستاویزی حقیقت
آئینِ پاکستان کے باب اول (صدرِ مملکت) کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق (6) کا متن بالکل واضح اور دوٹوک ہے۔ دستاویزی متن کے مطابق:
“اگر کسی بھی وقت وزیراعظم کسی قومی اہمیت کے معاملے پر ریفرنڈم کرانا ضروری سمجھیں، تو وہ اس معاملے کو مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) کے مشترکہ اجلاس میں بھیج سکتے ہیں، اور اگر مشترکہ اجلاس میں اس کی منظوری دے دی جائے تو صدرِ مملکت اس سوال کو ریفرنڈم کے لیے پیش کر سکتے ہیں، جو ایسے سوال کی صورت میں ہوگا جس کا جواب صرف ‘ہاں’ یا ‘نہیں’ میں دیا جا سکے۔”
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 48(6) کی موجودگی اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ 1973ء کا آئین عوامی ریفرنڈم کو کوئی غیر آئینی یا ماورائے قانون اقدام نہیں بلکہ ایک مکمل جمہوری اور پارلیمانی عمل قرار دیتا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی منظوری کے بعد عوام سے براہِ راست رائے لینا آئین کی روح کے عین مطابق ہے، جس کی بنیاد خود ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔
بھٹو کا جمہوری فلسفہ اور نواسے کا خوف: تضاد کھل کر سامنے آ گیا
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنی تمام تر تقاریر میں “طاقت کا سرچشمہ عوام” ہونے کا نعرہ لگاتے تھے اور ان کے آئین میں ریفرنڈم کی شق شامل کرنے کا بنیادی مقصد ہی یہ تھا کہ جب بھی ملک کو کسی بڑے انتظامی، آئینی یا قومی فیصلے کا سامنا ہو تو بند کمروں کے بجائے عوام کی عدالت سے فیصلہ لیا جائے۔
آج بلاول بھٹو زرداری جب سندھ کی شہری آبادی کے مطالبات اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر عوامی ریفرنڈم کی بات سنتے ہیں تو انہیں اپنے نانا کا آئین اور “عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں” کا نعرہ بھول جاتا ہے۔
ناقدین کا مؤقف ہے کہ عوامی ریفرنڈم کی صورت میں سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے عوام پیپلز پارٹی کی 18 سالہ خراب گورننس کے خلاف فیصلہ دے سکتے ہیں، یہی وہ سیاسی خوف ہے جس کی وجہ سے بلاول بھٹو آئینی راستے کو مسترد کر کے سڑکوں پر خون بہنے جیسی دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔
سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا وڈیرہ شاہی مفادات کا تحفظ؟
آئینی و سیاسی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ جو جماعت ہر موقع پر 1973ء کے آئین کی خالق ہونے کا کریڈٹ لیتی ہے، اس کا چیئرمین اسی آئین کے آرٹیکل 48(6) میں درج ریفرنڈم کی شق سے خوفزدہ کیوں ہے؟ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو واقعی اپنے عوامی مینڈیٹ اور سندھ میں کی گئی ترقی پر اعتماد ہے تو اسے آئینی ریفرنڈم کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔
مبصرین کے مطابق بھٹو کے آئین میں درج عوامی اختیار کو مسترد کرنا اور جمہوری عمل کے بجائے تشدد کا خوف دلانا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے لیے آئین اور جمہوریت صرف اس وقت تک قابلِ قبول ہیں جب تک ان کا جاگیردارانہ تسلط اور اقتدار محفوظ رہے، اور جیسے ہی عوامی رائے کا آئینی ہتھیار سامنے آتا ہے تو وہ اپنے ہی نانا کے آئین سے یوٹرن لینے میں لمحہ بھر کی تاخیر نہیں کرتے۔