آسٹریلیا کی سمندری تاریخ سے جڑا ایک اہم راز 128 سال بعد کھل گیا، پہلے آسٹریلوی جنگی بحری جہاز اسپِٹ فائر (Spitfire) کا ملبہ کوئنز لینڈ کے شمالی ساحل کے قریب دریافت کر لیا گیا، جو 1898 میں سمندر برد ہوگیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تاریخی بحری جہاز کی باقیات کی تلاش کے لیے مختلف اداروں نے مشترکہ کوششیں کیں اور طویل سرچ آپریشن کے بعد سمندر کی تہہ میں موجود ملبے کی نشاندہی ممکن ہوئی ، اس تلاش میں غوطہ خور ٹیم، جدید مشینری اور رائل آسٹریلین نیوی کے مائن ہنٹر جہاز نے اہم کردار ادا کیا۔
دستیاب تاریخی دستاویزات کے مطابق اسپِٹ فائر کو 1855 میں سڈنی میں تیار کرکے سمندر میں اتارا گیا تھا ، تقریباً 62 فٹ طویل یہ جنگی جہاز اس وقت ممکنہ روسی حملے کے خطرے کے پیش نظر آسٹریلیا کے دفاع کے لیے بنایا گیا تھا، جب خطے میں جنگی خدشات اور سمندری سکیورٹی کو غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔
ریکارڈ کے مطابق جہاز میں وقت کے ساتھ پانی رسنے کا مسئلہ پیدا ہوگیا تھا، جس کے باعث یہ 21 اگست 1898 کو پائپر جزیرے کے قریب ڈوب گیا، اس حادثے کے بعد جہاز سمندر کی تہہ میں دفن ہوگیا اور کئی دہائیوں تک اس کی درست جگہ ایک معمہ بنی رہی۔
حالیہ تلاش کے دوران تقریباً 52 فٹ طویل ملبے کی نشاندہی کی گئی، جسے تاریخی بحری جہاز اسپِٹ فائر کی باقیات قرار دیا جا رہا ہے، ماہرین اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے سامنے آنے والی یہ دریافت آسٹریلیا کی بحری تاریخ، دفاعی ورثے اور 19ویں صدی کی جہاز سازی کے حوالے سے نئی معلومات فراہم کرنے کی اہمیت رکھتی ہے۔
اسپِٹ فائر کی باقیات کی دریافت نہ صرف ایک گمشدہ بحری جہاز کی تلاش مکمل ہونے کی علامت ہے بلکہ آسٹریلیا کے ماضی کے ایک اہم دفاعی باب کو بھی دوبارہ زندہ کرتی ہے۔