پاکستان کی مالیاتی صورتحال کمزور ہونے کا خدشہ، آئی ایم ایف نے خبردار کردیا

پاکستان کی مالیاتی صورتحال کمزور ہونے کا خدشہ، آئی ایم ایف نے خبردار کردیا

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں درآمدات بڑھنے اور ترسیلاتِ زر کی رفتار سست پڑنے سے ملکی معیشت دوبارہ دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ادارے کا کہنا ہے کہ معاشی تحفظ کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط بنانا اور اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

‘پاکستان پراسپیرٹی فورم’ سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے پاکستان میں مقیم نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے اعتراف کیا کہ ملک نے معاشی استحکام کی طرف قدم بڑھایا ہے، لیکن ذرا سی پالیسی غفلت اب تک کی تمام کامیابیوں پر پانی پھیر سکتی ہے ، تقریب کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا موجودہ 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے خاتمے کے بعد پاکستان اگلے پانچ سال تک کسی نئے قرض پروگرام سے بچ سکے گا؟ تو ڈاکٹر بنیشی نے اس سوال کا کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔

پاکستانی معیشت کی اصل کمزوریاں کیا ہیں؟

آئی ایم ایف نمائندے نے ملکی معیشت کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے چند اہم نکات اٹھائے۔

محدود برآمدات

 پاکستان کی برآمدات جی ڈی پی کے محض 10 فیصد تک سکڑ چکی ہیں، جبکہ افرادی قوت کا بڑا حصہ کم پیداواری صلاحیت والے زرعی شعبے سے جڑا ہے۔

سرمایہ کاری کا فقدان

 انسانی اور بنیادی ڈھانچے میں کم سرمایہ کاری نے پیداواری صلاحیت کو متاثر کیا ہے، جس سے برآمدات نہیں بڑھ پا رہیں۔

ٹیکس اصلاحات

 مالیاتی استحکام کے لیے ایک وسیع، مستحکم اور قابلِ پیشگوئی ٹیکس نظام لانا ہوگا۔

عالمی خطرات

 عالمی تنازعات، اشیائے خورونوش و ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور تجارتی رکاوٹیں پاکستان کے لیے بڑے بیرونی خطرات ہیں۔

حکومت اور ماہرین کا مؤقف

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ صرف نقد مالی امداد مسائل کا مستقل حل نہیں ،  انہوں نے اختیارات کی نچلی سطح تک حقیقی منتقلی اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت وسائل کی تقسیم کے فارمولے پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں :اربوں ڈالر کی ڈیجیٹل ڈکیتی پر ابوظہبی عدالت کا بڑا فیصلہ، 26 ہزار کرپٹو والٹس نشانے پر، ہیکرز کی دوڑیں لگ گئیں

دوسری جانب معروف ماہرِ معاشیات رضوان راوجی نے آئی ایم ایف کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ادارے کے سخت شرائط والے مشورے ملکی ترقی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔

ادھر برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے مشورہ دیا کہ عالمی منڈی میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو اپنی مصنوعات کا معیار اور جانچ کا نظام عالمی اصولوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

editor

Related Articles