60 سال تک چھپی رہنے والی پینٹنگ کروڑوں ڈالر میں فروخت

60 سال تک چھپی رہنے والی پینٹنگ کروڑوں ڈالر میں فروخت

ڈچ مصور ونسنٹ وین گوگ کے ایک شاہکار نے آرٹ کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ ان کی پینٹنگ ’شاٹینیے آن فلور‘4 نیویارک کے معروف نیلام گھر سوتھبیز میں 19 کروڑ 4 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگئی، جس کے بعد اس نے مصور کے کسی بھی فن پارے کی نیلامی کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پینٹنگ تقریباً 60 برس تک عوام کی نظروں سے اوجھل رہی۔ سوتھبیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں اس فروخت کو تاریخی کامیابی قرار دیا۔

فرانسیسی زبان میں ’شاٹینیے آن فلور‘ کا مطلب’کھلتے ہوئے شاہ بلوط کے درخت‘ ہے۔ وین گوگ نے یہ فن پارہ 1890 میں تخلیق کیا تھا، جس میں شام کی روشنی میں شاہ بلوط کے ایک بڑے درخت کو کھلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق تمام اضافی اخراجات اور فیس شامل کرنے کے بعد اس پینٹنگ کی فروخت کی مجموعی قیمت 19 کروڑ 4 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، جو وین گوگ کے کسی بھی فن پارے کی نیلامی میں حاصل ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسمان پر اڑتی عجیب مخلوق کی ویڈیوز وائرل، دنیا بھر میں نئی بحث چھڑ گئی

معروف آرٹ ڈیلر اور ایکواویلا گیلریز کے سربراہ ولیم ایکواویلا نے یہ نایاب پینٹنگ خریدی۔ مہنگائی کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیلامی کی تاریخ کی چھٹی مہنگی ترین پینٹنگ بھی قرار دی گئی ہے۔

اس فروخت نے وین گوگ کے سابقہ نیلامی ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کا پچھلا ریکارڈ 2022 میں کرسٹیز نیلام گھر میں فروخت ہونے والے ایک منظرِ فطرت کے فن پارے نے قائم کیا تھا، جو مائیکروسافٹ کے شریک بانی پال ایلن کے آرٹ کلیکشن کا حصہ تھا۔

وہ پینٹنگ 11 کروڑ 72 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی، جس کی موجودہ قدر تقریباً 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔

یوں تقریباً چھ دہائیوں تک نظروں سے اوجھل رہنے والے وین گوگ کے اس فن پارے نے نہ صرف ان کے سابقہ ریکارڈ کو توڑ دیا بلکہ عالمی آرٹ مارکیٹ میں بھی ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

editor

Related Articles