پاکستانی سپر ماڈل اور اداکارہ روما مائیکل اور اداکار شان بیگ کی شادی کی خوشیاں شروع ہوگئی ہیں۔ دونوں نے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں مایوں کی تقریب منعقد کی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
مایوں کی تقریب میں روما مائیکل اور شان بیگ روایتی پیلے اور سبز رنگ کے خوبصورت ملبوسات میں نظر آئے۔ دونوں کے چہروں پر خوشی اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار لمحات نے تقریب کو خاص بنا دیا۔
تقریب کی سجاوٹ بھی روایتی رنگوں سے بھرپور تھی۔ پیلے اور سبز رنگوں کے امتزاج، خوبصورت سجاوٹ اور قریبی عزیزوں کی موجودگی نے شادی کی تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔
روما مائیکل کا شمار پاکستان کی معروف ماڈلز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ’مس ویٹ پاکستان‘ کے ریئلٹی شو سے کیا، جہاں اپنے پُراعتماد انداز اور شخصیت کے باعث نمایاں ہوئیں۔ بعد ازاں انہوں نے ’مس یونیورس‘ کے مقابلے میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔
فیشن ریمپس اور معروف میگزینز کے سرورق تک رسائی حاصل کرنے کے بعد روما مائیکل نے اداکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور مختلف ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اداکار شان بیگ کے ساتھ نکاح کے بعد اب دونوں کی شادی کی دیگر تقریبات بھی جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداح اس جوڑی کو مبارک باد دے رہے ہیں اور ان کی نئی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔