کھانے کا آرڈر کچھ اور ہو اور گھر پہنچے کچھ اور، تو ناراضی تو بنتی ہے، لیکن اگر سبزیوں کے برگر کی جگہ گوشت والا برگر پہنچ جائے تو معاملہ صرف غلط ڈیلیوری تک محدود نہیں رہتا۔ بھارت میں ایک ایسی ہی غلطی 2 بڑی فوڈ کمپنیوں کو مہنگی پڑ گئی، جہاں صارف عدالت نے معروف فاسٹ فوڈ چین برگر کنگ اور آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی سوئگی کو مجموعی طور پر 72 ہزار بھارتی روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اپریل 2021 میں ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں پیش آیا۔ ایک شخص نے اپنی اہلیہ کے لیے چار ویجیٹیرین برگر آرڈر کیے تھے، لیکن اہلیہ کی طبیعت خراب ہونے کے باعث بچوں نے برگر کھا لیے۔
بچوں کو برگر کا ذائقہ معمول سے مختلف محسوس ہوا، جس کے بعد انہیں متلی اور الٹی کی شکایت ہونے لگی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ جن برگرز کو سبزیوں سے تیار کردہ سمجھ کر آرڈر کیا گیا تھا، وہ دراصل گوشت والے برگر تھے۔
متاثرہ خاندان کے لیے یہ محض کھانے کی غلط ڈیلیوری نہیں تھی۔ شکایت کنندہ کے مطابق ان کا پورا خاندان سبزی خور ہے اور اس واقعے سے نہ صرف ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے بلکہ انہیں ذہنی اذیت بھی برداشت کرنا پڑی۔
غلطی کمپنیوں کی، قیمت صارف کیوں ادا کرے؟
معاملہ صارف عدالت تک پہنچا، جہاں شواہد کا جائزہ لینے کے بعد برگر کنگ اور سوئگی دونوں کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
عدالت نے دونوں کمپنیوں کو 50 ہزار بھارتی روپے بطور ہرجانہ اور 22 ہزار روپے قانونی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا۔ یوں مجموعی رقم 72 ہزار بھارتی روپے بنتی ہے۔ عدالت نے ادائیگی کے لیے 45 دن کی مہلت بھی دی ہے۔
یہ صرف برگر کی غلط ڈیلیوری نہیں، صارف کے اعتماد کا معاملہ ہے
ذرا سوچیے، ایک صارف اپنی پسند، مذہبی عقیدے اور غذائی ترجیحات کے مطابق کھانا آرڈر کرتا ہے، کمپنی کو واضح طور پر بتایا جاتا ہے کہ ویج برگر چاہیے، لیکن ڈیلیوری میں گوشت والا برگر پہنچ جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر آرڈر کی درستگی یقینی بنانا کس کی ذمہ داری ہے؟
فوڈ ڈیلیوری کمپنی صرف کھانا پہنچانے اور ریسٹورنٹ صرف آرڈر تیار کرنے کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔ صارف کو درست چیز فراہم کرنا دونوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیجیٹل دور میں چند منٹوں کے اندر کھانا گھر پہنچانے کا دعویٰ کرنے والی کمپنیاں بعض اوقات یہ بھی یقینی نہیں بنا پاتیں کہ صارف کو وہی کھانا ملے جو اس نے آرڈر کیا تھا۔
یہ واقعہ فوڈ انڈسٹری کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ صارف کا اعتماد اشتہارات سے نہیں بلکہ درست سروس، ذمہ داری اور جواب دہی سے قائم ہوتا ہے۔