جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے زیر استعمال سفید رنگ کی لگژری گاڑی نے ان کے اثاثوں اور مالی وسائل سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مولانا فضل الرحمٰن کو ایک مہنگی گاڑی میں سوار دیکھا جا سکتا ہے، جسے لیکسس 600 الٹرا لگژری بتایا جا رہا ہے۔
اس گاڑی کی قیمت تقریباً 12 سے 13 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ ایک مذہبی و سیاسی جماعت کے سربراہ کے زیر استعمال اتنی مہنگی گاڑی کے مالی ذرائع کیا ہیں اور اس کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے حاصل کی گئی؟
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر یہ گاڑی مولانا فضل الرحمٰن کی ذاتی ملکیت ہے تو اس کی تفصیلات ان کے اثاثہ جات کے گوشواروں میں موجود ہونی چاہئیں۔ اس حوالے سے ایف بی آر میں گاڑی کے اندراج، ٹیکس ریکارڈ اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات سے متعلق بھی سوالات سامنے آ رہے ہیں۔
اہم سوال یہ ہے کہ آیا یہ گاڑی واقعی مولانا فضل الرحمٰن کی ذاتی ملکیت ہے یا کسی دوسرے فرد یا ادارے کے نام پر رجسٹرڈ ہے؟ اگر گاڑی ان کی ملکیت ہے تو اس کی خریداری کے ذرائع اور مالی حیثیت کی وضاحت سامنے آنی چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن ایک مذہبی اور سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور ان کی سیاست میں عوامی مسائل، مذہبی تعلیمات اور معاشرتی اقدار کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ ایسے میں ان کے زیر استعمال مہنگی ترین گاڑی اور اس کے مالی ذرائع سے متعلق سوالات کی وضاحت ضروری ہے۔
عوامی سطح پر اٹھنے والے بنیادی سوالات یہی ہیں کہ 12 سے 13 کروڑ روپے مالیت کی بتائی جانے والی اس گاڑی کا اصل مالک کون ہے؟ اس کی خریداری کے لیے رقم کہاں سے آئی؟ اور کیا اس کی ملکیت و مالی تفصیلات متعلقہ سرکاری ریکارڈ میں ظاہر کی گئی ہیں؟
