وفاقی وزیر مصدق ملک نے بھارتی میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کا واضح مؤقف پیش کردیا۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اس حساس مسئلے پر بات ضرور ہوسکتی ہے، لیکن الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کے بجائے ٹھوس شواہد کو بنیاد بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارتی صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی ایسا سنگین مسئلہ ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششوں اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر جب بھی بات ہوگی وہ شواہد کی بنیاد پر ہوگی۔ محض الزامات لگانے یا اشتعال انگیز بیانات دینے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
بھارت کو پاکستان کا واضح پیغام
مصدق ملک نے واضح کیا کہ پاکستان خود دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ اس ناسور کے باعث ملک بھاری جانی اور مالی نقصانات برداشت کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متعدد مرتبہ بھارت سے دہشت گردی کے الزامات کے حوالے سے ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے پاس بھی اس معاملے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس مسئلے پر حقائق سامنے لائے بغیر کسی نتیجے تک پہنچنا ممکن نہیں۔
مذاکرات پر بھی مؤقف واضح
مصدق ملک نے کہا کہ وہ بھارت باہمی معاملات پر مذاکرات کرنے کے لیے نہیں آئے۔ تاہم دہشت گردی ایک ایسا اہم مسئلہ ہے جس پر گفتگو سے گریز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر بات چیت کا مقصد حقائق کو سامنے لانا اور مسئلے کے حل کی سنجیدہ کوششیں ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گردی جیسے حساس معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا اشتعال انگیز بیانات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔