جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے دور اقتدار میں حآصل کی گئی مراعات، عزیز و اقارب کو نوازنے اور بے نامی جائیدادیں سامنے آنے پر عوامی حلقوں میں سخت تنقید جاری ہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فضل الرحمن الزامات کے بجائے اٹھائے جانے والے سوالات کا حساب دیں اور جواب نہ ملنے کی صورت میں ان کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں سرگودھا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے مولانا فضل الرحمن کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، خاتون کا کہنا تھا کہ جب حکومت اور متعلقہ ادارے سوال کر رہے ہیں تو ان کی وضاحت دی جانی چاہیے ۔
خاتون کاکہنا تھا کہ جب یہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے اپنے عزیز و اقارب کو نوکریاں بھی لگوائیں، ان کو جائیدادیں بھی لے کر دیں، ان کے سارے کام بھی کروائے جبکہ عام پڑھا لکھا نوجوان روزگار کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھاتا ہےجب کہیں جا کر اسے کوئی نوکری ملتی ہے ۔
شہری نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب ایک عام شہری گھر یا فیکٹری بناتا ہے تو ادارے آ کر آمدن کا ذریعہ پوچھتے ہیں کہ اس نے کن پیسوں سے یہ سب بنایا ہے اور وضاحت نہ ہونے پر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے، تو پھر مولانا فضل الرحمٰن کے معاملے میں وہ سخت کارروائی نظر آںی چاہیے اور جواب نہ دینے پر سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
سوالات کا سامنا کرنے کے بجائے اداروں کی توہین
ایک اور شہری نے فضل الرحمان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ سے یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ بے نامی جائیدادوں اور اپنے عزیز و اقارب کو دی جانے والی مراعات کے سوالات کا سامنا کرنے کے بجائے اداروں پر چڑھ دوڑیں، انہیں تنقید کا نشانہ بنائیں ، ان پر الزام تراشی کریں یا شہدا کی توہین سے بھی باز نہ آئیں ۔
شہری کا یہ بھی کہنا تھا کہ قیادت کا تقاضا ہے کہ وہ گریز اور شور شرابے کے بجائے اپنے خلاف اٹھنے والے سوالات کے واضح اور دوٹوک جواب دے۔
یہ عوامی آواز محض ایک وقتی ردعمل نہیں بلکہ احتساب کے دوہرے معیار پر ایک سخت سوالات بھرا چارج شیٹ ہے جب عام شہری کے ہر اینٹ اور ہر روپے کا حساب مانگا جاتا ہے تو اقتدار کی چھتری تلے پلنے والی مراعات اور بے نامی جائیدادوں کو استثنیٰ کیوں ملے؟۔ عوام کا کہنا ہے کہ سیاست کے ایوانوں میں شور شرابے، الزام تراشی اور تقدس کی آڑ لینے کے بجائے فضل الرحمن کو اب براہِ راست جواب دینا ہوگا، ورنہ قانون کی گرفت ہر ایک کے لیے برابر ہونی چاہیے اور حساب کا یہ دروازہ کبھی بند نہیں ہونا چاہیے۔