پی ٹی آئی لاہور جلسہ، خیبرپختونخوا حکومت نے تیاریاں کرلیں

پی ٹی آئی لاہور جلسہ، خیبرپختونخوا حکومت نے تیاریاں کرلیں

لاہور میں ہونے والے جلسے کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے قافلے روانہ ہوں گے۔

ہر رکن اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے حلقے سے پانچ سو کارکن لائیں۔ اس موقع پر قافلوں کے ساتھ ہیوی مشینری بھی لائی جائے گی تاکہ رکاوٹوں کا سامنا کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کل مختلف ریجنز کے رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں پشاور، ہزارہ، ساؤتھ اور ملاکنڈ ریجن شامل تھے۔

مزید پڑھیں: پولیس کا لاہور جلسے سے قبل پی ٹی آئی کیخلاف بڑا کریک ڈائون

انہوں نے خیبرپختونخوا کابینہ کے ارکان کے ساتھ بھی مشاورت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام قافلے صوابی انٹرچینج موٹروے پر جمع ہوں گے۔

ہر رکن اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ آج اپنے علاقوں میں لوگوں کو جلسے کے لیے متحرک کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور خود قافلے کی قیادت کریں گے اور ساتھ ہی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری بھی موجود ہوگی۔

خیبرپختونخوا کے تمام قافلے صبح 9 بجے صوابی پہنچیں گے، اس کے بعد یہ قافلے ہکلہ انٹرچینج کی طرف بڑھیں گے، جہاں سے انہیں راولپنڈی اور اسلام آباد کے قافلوں سے ملایا جائے گا۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر جلسے کی متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر موسی رضا کو حکم دیا ہے کہ وہ آج شام پانچ بجے تک جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں۔

عدالت کی سربراہی جسٹس فاروق حیدر کر رہے تھے، جہاں تین رکنی لارجر بینچ نے تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ اور عمر ایوب کی درخواست پر سماعت کی۔

اس دوران چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان، آئی جی پنجاب عثمان انور اور ڈی سی لاہور موسی رضا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سنے اور ڈپٹی کمشنر کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی، جس سے جلسے کے انعقاد کے حوالے سے صورتحال واضح ہوگی۔

editor

Related Articles