وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کا بل پیش کر دیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں جاری اجلاس میں حکومتی بینچوں پر 44 اراکین موجود ہیں، جبکہ اپوزیشن بینچوں پر اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سینیٹ میں پیش کیے گئے ترمیمی بل میں آرٹیکل 63اے کی تبدیلی شامل نہیں ہے، حالانکہ اس ترمیم میں پہلے یہ شامل تھا کہ پارٹی سربراہ کی ہدایت کے خلاف ووٹ گنا جائے گا۔ حتمی ڈرافٹ میں اس شق کو خارج کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عجلت میں 19ویں ترمیم لائی گئی تھی، جس میں کمیشن کا جھکاؤ ایک مخصوص ادارے کی طرف رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ججز کی تقرری کے حوالے سے پاکستان بار کونسل نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ متعلقہ آرٹیکل میں ترمیم کی جائے۔
وزیر قانون نے وضاحت کی کہ جوڈیشل کمیشن میں 4 سینئر ججز اور 4 اراکین پارلیمنٹ شامل ہوں گے، جن میں چیف جسٹس اور آئینی بنچ کے ممبران بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ہائیکورٹ میں صوبوں کی نمائندگی بھی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آئینی بینچوں کی تشکیل کا اختیار جوڈیشل کمیشن کے پاس ہوگا، جس میں چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے 4 سینئر ججز شامل ہوں گے۔ جوڈیشل کمیشن میں ممبران پارلیمنٹ بھی موجود ہوں گے۔