وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ رچرڈ گرینل یا امریکی دبائو کا عمران خان کے ٹرائل پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ گرینل آجائے یا کوئی اور ہمیں کوئی فکر نہیں۔ پاکستان اللہ کے نام پر بنا ہوا ہے، کوئی پاکستان کے گریبان پر ہاتھ ڈالے تو پھر اس کو جواب مل جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ رچرڈ گرینل کا امریکا کی سیاست میں پہلی مرتبہ نام سنا ہے گرینل کو نامزدگی سے پہلے جانتاتک نہیں تھا۔رچرڈ گرینل اہم آدمی ہوں گے لیکن وہ امریکا کی سطح پر ہوں گے ان کا پاکستان سے متعلق کوئی اہم کردار نہیں ہو سکتا۔
وزیردفاع نے کہا کہ ماضی میں بھی امریکی دبائو آتے رہے ہیں اور پاکستان نے بھی جواب دیا ہے۔ رچرڈ گرینل یا امریکی دبائو کا عمران خان کے ٹرائل پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ پاکستان نے ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کیا ہے اور بہت سی چیزوں پر اسٹینڈ لیا ہے۔ جس کی وجہ سے ہمیں پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بالکل ٹھیک ہیں اور ان میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے دوران ایسے حالات نظر نہیں آ رہے جو پاکستان کے مفادات کے لیے خطرہ بن سکیں۔ کچھ لوگ ذاتی حیثیت میں بیانات دے رہے ہیں، جنہیں زیادہ اہمیت نہیں دی جانی چاہیے، خاص طور پر وہ افراد جو امریکی کابینہ کے رکن بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اسرائیلی اثاثہ ہیں اور اسرائیلی لابی کا امریکا میں اثر و رسوخ ہے۔ عمران خان کا ٹرائل قانون کے مطابق ہوگا اور کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔