ویب ڈیسک۔ پہلگام واقعہ کو دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر نے کے بعد بھی بھارتی حکام آج تک یہ پتہ لگانے میں ناکام رہے ہیں کہ اصل حملہ آور کون تھے اور کہاں گئے۔
آزاد ریسرچ کے مطابق بھارت کی جانب سے اب تک کسی ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا، جو اس سنگین انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ناکامی کو واضح کرتا ہے۔ یہ حملہ نہ صرف بھارتی سیکیورٹی اداروں کی نااہلی کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ ان کے دعووں کی قلعی بھی کھول دیتا ہے۔
آزاد ریسرچ کے مطابق اس سنگین ناکامی کو تسلیم کرنے اور اپنے سیکیورٹی سسٹم کی خامیوں کو دور کرنے کے بجائے، آر ایس ایس کی سوچ رکھنے والی بی جے پی حکومت نے وہی پرانا حربہ استعمال کیا اور بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی، کشیدگی میں اضافہ، اور اپنی جارحیت پسند عوام کو خوش کرنے کے لیے جذباتی بیانات کا سہارا۔
نام نہاد “آپریشن سندور” کے نام سے ایک کارروائی شروع کی گئی، جس کا مقصد اصل سوالات سے عوام کی توجہ ہٹانا تھا کہ اتنے بڑے سیکیورٹی و انٹیلیجنس سسٹم کی موجودگی میں حملہ آور آئے، لوگوں کو قتل کیا، اور بغیر کسی سراغ کے غائب ہو گئے۔
آخر کار پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، مگر حقیقت یہی ہے کہ اصل مجرم آج بھی آزاد ہیں، اور بھارتی حکام کو ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔
آزاد ریسرچ کے مطابق آپریشن سندور محض ایک ڈھونگ تھا جس کا مقصد پہلگام میں بھارت کے سیکیورٹی و انٹیلیجنس نظام کی شرمناک ناکامی پر پردہ ڈالنا تھا۔ متاثرین بہتر انصاف کے مستحق تھے، مگر افسوس کہ بی جے پی حکومت نعرہ بازی اور الزام تراشی کو اصل احتساب اور اصلاحات پر ترجیح دیتی ہے۔