ویب ڈیسک۔ حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چقندر کا رس بزرگ افراد کے بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ منہ میں موجود نقصان دہ بیکٹیریا کو کم کر کے خون کی نالیوں کے نظام کو بہتر بناتا ہے۔
طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چقندر کے رس میں موجود نائٹریٹ (nitrate) نامی مادہ عمر رسیدہ افراد میں بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین نے تحقیق کے دوران 60 سے 70 سال کے درمیان عمر رکھنے والے 36 افراد کو دن میں دو بار چقندر کا خالص رس پلایا۔ دو ہفتے بعد معلوم ہوا کہ ان افراد کا بلڈ پریشر کم ہو گیا۔
جب بزرگ افراد نے چقندر کا رس پیا تو ان کے منہ میں موجود کچھ نقصان دہ بیکٹیریا کم ہو گئے جبکہ فائدہ مند بیکٹیریا میں اضافہ ہوا، جس سے ان کی مجموعی صحت پر مثبت اثر پڑا۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ عمر کے ساتھ انسان کے منہ میں موجود بیکٹیریا تبدیل ہو جاتے ہیں، اور یہی بیکٹیریا خوراک میں موجود نائٹریٹ کو نائٹرک آکسائیڈ (nitric oxide) میں تبدیل کرتے ہیں، جو بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جو افراد چقندر نہیں پسند کرتے، وہ اس کی جگہ پالک، اجوائن، سونف، بند گوبھی اور دیگر سبز پتوں والی سبزیاں استعمال کر سکتے ہیں، کیونکہ ان میں بھی نائٹریٹ پایا جاتا ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ یہ تحقیق اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ اچھی خوراک کے ذریعے بلڈ پریشر اور دل کی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، خصوصاً عمر رسیدہ افراد کے لیے ہے۔