بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم خبر

بلدیاتی انتخابات  سے متعلق اہم خبر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جاری حلقہ بندیوں کا شیڈول معطل کردیا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے مزید چار ہفتوں کی مہلت طلب کیے جانے کے باعث شیڈول کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، الیکشن کمیشن نے یہ اقدام پنجاب حکومت کی درخواست پر اٹھایا ہے تاکہ حال ہی میں منظور ہونے والے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کی جا سکیں۔ حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا تھا کہ نئے ایکٹ کے تحت بلدیاتی نظام میں اہم ترامیم کی گئی ہیں، جن کے نفاذ کے لیے انتظامی تیاریوں اور حلقہ بندیوں کے عمل کو ازسرِنو ترتیب دینا ضروری ہے۔

گزشتہ روز گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کیے تھے۔ اس قانون کی منظوری پنجاب اسمبلی سے ہونے کے بعد اسے گورنر کو ارسال کیا گیا تھا۔ نئے قانون کے تحت بلدیاتی اداروں کے ڈھانچے، اختیارات اور انتخابی طریقہ کار میں متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں، جن کا براہِ راست اثر حلقہ بندیوں اور انتخابات کے انعقاد پر پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے

یاد رہے کہ اس سے قبل 8 اکتوبر 2025 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرانے کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا تھا۔ تاہم، صوبائی حکومت کی جانب سے نئی قانون سازی کے بعد یہ فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، نئی حلقہ بندیاں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت کی جائیں گی، اور اس عمل کی تکمیل کے بعد انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے قیام میں تاخیر سے مقامی سطح پر ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمات کے امور متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کو شفاف اور بروقت انتخابات کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانی ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *