گوگل نے اپنے اے آئی اسسٹنٹ جیمنائی میں ایک نیا میپ ٹول متعارف کرا دیا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے اردگرد موجود مقامات کو میپ پر دیکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے بارے میں جیمنائی سے سوالات بھی کرسکیں گے۔
فی الحال یہ سہولت صرف موبائل ڈیوائسز پر دستیاب ہے اور اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
کئی ماہ سے جاری تھی آزمائش
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس نئے میپ ٹول کی آزمائش فروری 2026 سے جاری تھی، جس کے بعد اب اسے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔ یہ ٹول جیمنائی ایپ میں فوٹوز، کیمرا، اواتار، فائلز، ڈرائیو اور نوٹ بکس جیسے دیگر آپشنز کے ساتھ نظر آتا ہے۔
جیمنائی میں میپ ٹول منتخب کرنے کے بعد صارف کی موجودہ لوکیشن میپ پر ظاہر ہوتی ہے، جبکہ اردگرد کے علاقے کو ایک دائرے کی صورت میں نمایاں کیا جاتا ہے۔ صارف میپ پر زوم ان اور زوم آؤٹ کرکے کسی مخصوص مقام کو تلاش کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ’’ایکسپلور دی ایریا‘‘ کا آپشن بھی موجود ہے۔
اس آپشن کو منتخب کرنے کے بعد میپ پر موجود مقامات کے لیبل سامنے آتے ہیں، جس کے بعد صارف کسی بھی مقام کے بارے میں جیمنائی سے سوال کرسکتا ہے۔ مثال کے طور پر صارف کسی ریسٹورنٹ، تفریحی مقام یا اپنے اردگرد موجود کسی خاص جگہ کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتا ہے۔
ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بھی آنے کا امکان
فی الحال نیا میپ ٹول صرف جیمنائی کی موبائل ایپ تک محدود ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گوگل مستقبل میں اسے ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بھی متعارف کرا سکتا ہے۔