پرتگال کے کوچ جارج جیسز نے کہا ہے کہ سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا حتمی فیصلہ خود ان کے ہاتھ میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے حال ہی میں نیشنز لیگ کے کیمپ سے علیحدگی اختیار کی تھی اور وہ ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی رہے جبکہ بعد میں انہیں بتایا گیا کہ ڈنمارک کے خلاف بھی وہ ابتدائی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
اس کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر قومی ٹیم چھوڑنے کی وجوہات پرتگالی عوام کے سامنے بیان کریں گے۔
جیسز کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ رونالڈو قومی ٹیم میں اپنے سفر کا اختتام اپنی مرضی کے مطابق کریں ، رونالڈو اب بھی ٹیم کے لیے اہم ہیں تاہم ان کی واپسی کا حتمی فیصلہ خود اسٹار فٹبالر ہی کریں گے۔
خیال رہے کہ جیسز سعودی کلب النصر میں بھی رونالڈو کے کوچ رہ چکے ہیں ، رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 234 میچز کھیلے اور 146 گول کیے ہیں جو دونوں اپنی جگہ عالمی ریکارڈز ہیں۔
انہوں نے پرتگال کو یورو 2016 اور دو نیشنز لیگ ٹائٹلز جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
رونالڈو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ “غالباً” ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہے ، ایسے میں پرتگال کے مداحوں کی نظریں اب اس پر ہیں کہ وہ نومبر کے میچوں سے پہلے کوچ سے ملاقات کرتے ہیں یا نہیں، اور اپنی بین الاقوامی اننگز کا اختتام کس انداز میں کرتے ہیں۔ جیسس کے الفاظ میں، فیصلہ “کرسٹیانو ہی کریں گے۔