ملک بھر میں بجلی کے نئے ٹیرف لاگو ہونے کا امکان

ملک بھر میں بجلی کے نئے ٹیرف لاگو ہونے کا امکان

ملک بھر میں یکم جنوری سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اہم سماعت کرے گا، جس میں سنہ 2026 کے لیے پاور پرچیز پرائس (پی پی پی) کے تخمینے کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کیلئے خوشخبری ، نیپرا کیجانب سے بنیادی ٹیرف میں کمی کا اعلان

سرکاری دستاویزات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں آئندہ سال کے لیے پاور پرچیز پرائس 25.69 روپے سے بڑھا کر 26.53 روپے فی یونٹ تک مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ درخواست میں جنوری 2026 سے دسمبر 2026 تک کی مدت کے لیے لاگت کا تخمینہ شامل ہے، جس کے تحت بجلی کی پیداواری قیمت میں ممکنہ اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نیپرا کی مقررہ سماعت میں مختلف اسٹیک ہولڈرز، پاور کمپنیوں اور صارفین کے نمائندگان اپنی آرا پیش کریں گے، جس کے بعد اتھارٹی اپنی حتمی سفارشات مرتب کرے گی۔ اس فیصلے کو وفاقی حکومت کے پاس بھجوایا جائے گا، جہاں منظوری کے بعد ملک بھر کے لیے نئے بنیادی ٹیرف کا باقاعدہ اطلاق کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق بجلی کے مجوزہ نئے بنیادی ٹیرف کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی یکساں طور پر ہوگا، جس کے نتیجے میں کراچی کے صارفین کو بھی دیگر شہروں کی طرح نیا ٹیرف ادا کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں:حکومت بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی لانے کی کوشش کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مجوزہ اضافہ منظور ہوا تو اس کا اثر گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین پر واضح طور پر پڑے گا، جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافہ مجموعی معاشی صورتحال کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ نیپرا کی سماعت کے دوران اس حوالے سے اہم نکات سامنے آنے کی توقع ہے۔

Related Articles