چین کی معروف یونیورسٹی سنگھوا نے سال 2026ء کے داخلوں کے لیے پاکستانی طلبہ کو ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کی پیشکش کر دی ہے۔
چین کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع مزید وسیع کر دیے گئے ہیں، اور عالمی سطح پر نمایاں اس یونیورسٹی نے باقاعدہ طور پر داخلوں اور اسکالرشپس کا اعلان جاری کیا ہے۔
سنگھوا یونیورسٹی عالمی رینکنگ میں ہمیشہ سرِفہرست رہنے کے باعث دنیا بھر کے طلبہ کی پہلی ترجیح سمجھی جاتی ہے۔ یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ دنیا کے مختلف ممالک سے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے درخواستیں قبول کر رہی ہے۔ ان پروگرامز کے لیے چائینیز گورنمنٹ اسکالرشپ، بیجنگ گورنمنٹ اسکالرشپ اور مختلف اسسٹنٹ شپس کی مدد سے طلبہ کو تعلیم سے لے کر رہائش تک مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یونیورسٹی کے مطابق 50 سے زائد شعبہ جات اور اسکولز میں مجموعی طور پر 30 سے زیادہ پروگرامز مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھائے جاتے ہیں، جس سے پاکستانی طلبہ کے لیے ان پروگرامز میں داخلہ حاصل کرنا مزید آسان ہو جاتا ہے۔ اسکالرشپس کے تحت ٹیوشن فیس، ہاسٹل میں رہائش، ماہانہ وظیفہ اور میڈیکل انشورنس کی مکمل سہولت شامل ہوگی۔ ماسٹرز ڈگری کا دورانیہ دو سے تین سال جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام کا دورانیہ تین سے چار سال مقرر ہے۔
یونیورسٹی ہر سمسٹر طلبہ کو ٹیچنگ، ریسرچ اور منیجمنٹ اسسٹنٹ شپس کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے، جس سے طلبہ نہ صرف مالی مدد حاصل کر سکتے ہیں بلکہ عملی تجربہ بھی حاصل کرتے ہیں۔
اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو آن لائن اپلائی کرنا ہوگا، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ یونیورسٹی نے خواہشمند پاکستانی طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں درخواستیں جمع کرا کے اس اہم موقع سے فائدہ اٹھائیں۔