لاہور میں بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک منفرد اقدام کے تحت دسویں جماعت میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم ابوذر کو ایک دن کے لیے پنجاب کا وزیر تعلیم بنا دیا گیا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے یہ فیصلہ بچوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں رہنمائی کے نئے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے کیا۔
ابوذر، جو ننکانہ صاحب کے رہائشی ہیں، صبح سرکاری گاڑی اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ وزیرِ تعلیم کے دفتر پہنچے تو سرکاری افسران نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔ دفتر پہنچنے کے بعد ایک دن کے وزیر تعلیم نے مختلف سرکاری امور نمٹائے اور محکمہ تعلیم کے حوالے سے کئی اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔ ان اجلاسوں میں انہیں پنجاب بھر کے تعلیمی معاملات، اسکولوں میں موجود سہولتوں اور جاری تعلیمی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس دوران ابوذر نے کئی محکماتی افسران کو مختلف ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے اجلاس میں اسکالرشپ اسکیموں کے فروغ، غریب اور مستحق طلبہ کی فیسوں میں رعایت یا معافی، اور اساتذہ کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنے جیسے اہم نکات پر مشاورت کی۔ ابوذر نے واضح کیا کہ تعلیم سے متعلق سہولیات میں بہتری لانا نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے لیے بھی نہایت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ امریکی کمیشن رپورٹ پر بھارت کا پروپیگنڈا بے نقاب، پاکستانی مؤقف کو تقویت مل گئی
ایک دن کے وزیر تعلیم نے پریس کانفرنس بھی کی جس میں انہوں نے میڈیا نمائندگان کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ابوذر کا کہنا تھا کہ محکمہ چلانا آسان کام نہیں بلکہ یہ بے حد ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن کے لیے یہ عہدہ سنبھالنے سے انہیں سرکاری محکموں کے کام کرنے کے طریقۂ کار اور انتظامی معاملات کو سمجھنے کا موقع ملا۔
رانا سکندر حیات کی ہدایت پر ایک دن کے لیے “ننھا وزیر تعلیم” تعینات۔۔۔
وزیر تعلیم پنجاب نے بچوں کے عالمی دن پر اپنے عہدے کا چارج طالبعلم کو سونپ دیا۔۔۔ pic.twitter.com/Xy5DDgTQvo— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) November 20, 2025

