لاہور کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں ابتدائی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ محمد نعمان کو نمایاں برتری حاصل ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق 334 میں سے 253 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوچکے ہیں، جن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے نمایاں سبقت برقرار رکھی ہوئی ہے۔
آر او آفس کے مطابق اب تک موصولہ نتائج میں سے 181 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو باضابطہ طور پر مرتب بھی کرلیا گیا ہے حتمی شکل دیے گئے نتائج میں حافظ محمد نعمان واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہیں اور وہ پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ارسلان احمد نے 10,357 سے زائدووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے۔ کم ٹرن آؤٹ اس حلقے کی نمایاں خصوصیت رہا، جہاں مجموعی ٹرن آؤٹ صرف 6.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ملک بھر میں آج قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔ لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی، مظفرگڑھ اور ہری پور کے مختلف حلقوں میں ووٹنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک جاری رہی۔ شہریوں نے اپنے پسندیدہ امیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کیے جس کے بعد گنتی کا سلسلہ شروع ہوا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام حلقوں میں قائم 2792 پولنگ اسٹیشنز میں سے 408 کو انتہائی حساس جبکہ 1032 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ سیکیورٹی کے لیے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تاکہ پولنگ کا عمل پُرامن اور شفاف طریقے سے مکمل ہو سکے۔
حتمی سرکاری نتیجہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا جائے گا تاہم اب تک کے غیر رسمی نتائج حلقے میں مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری کی نشاندہی کر رہے ہیں۔