گردے صحت مند رکھنے ہیں تو صبح اٹھتے ہی یہ 5 کام کریں

گردے صحت مند رکھنے ہیں تو صبح اٹھتے ہی یہ 5 کام کریں

گردے انسانی جسم میں خون سے فاضل مادے خارج کرنے، جسم میں پانی اور معدنیات کا توازن برقرار رکھنے سمیت کئی اہم کام انجام دیتے ہیں، تاہم روزمرہ زندگی کی بعض عادات گردوں کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق صبح کا آغاز چند صحت مند عادات کے ساتھ کرنا گردوں سمیت مجموعی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے، ایک تازہ طبی رپورٹ میں گردوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے صبح کے وقت پانچ اہم اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پانی پینا

ماہرین کے مطابق نیند کے بعد جسم کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے صبح اٹھ کر مناسب مقدار میں پانی پینا ہائیڈریشن برقرار رکھنے میں مددگار ہوسکتا ہے،تاہم گردوں کے مریض پانی کی مقدار اپنے ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق رکھیں۔

پیشاب کے رنگ پر نظر

صبح کے وقت پیشاب کے رنگ پر توجہ دینا بھی جسم میں پانی کی کمی کا ایک عمومی اشارہ دے سکتا ہے، ہلکا زرد رنگ عموماً مناسب ہائیڈریشن کی علامت سمجھا جاتا ہے، جبکہ بہت گہرا رنگ پانی کی کمی کی طرف اشارہ کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :گردوں کی خرابی کے بعد مریض میں ظاہر ہونیوالی ممکنہ 13 علامات

متوازن ناشتہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ ناشتے میں نمک اور انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے کے بجائے متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کو ترجیح دینی چاہیے۔ زیادہ نمک بلڈ پریشر بڑھا سکتا ہے، جو گردوں کی بیماری کے خطرات میں شامل ہے۔

ہلکی ورزش

صبح کے وقت چہل قدمی، اسٹریچنگ یا ہلکی ورزش کو معمول بنانا بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کو قابو میں رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے بالواسطہ طور پر گردوں کی صحت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

درد کش ادویات کا غیرضروری استعمال نہ کریں

ماہرین نے درد کش ادویات کے بار بار اور غیرضروری استعمال سے بھی احتیاط کا مشورہ دیا ہے کیونکہ بعض ادویات کا مسلسل استعمال گردوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

خاص طور پر اگر کوئی شخص پہلے سے گردوں کے مرض، بلڈ پریشر یا ذیابیطس کا شکار ہو تو ادویات ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کرنی چاہئیں،ماہرین کے مطابق یہ عادات گردوں کو بیماری سے مکمل طور پر محفوظ رکھنے کی ضمانت نہیں دیتیں، تاہم صحت مند طرز زندگی، مناسب خوراک، جسمانی سرگرمی اور باقاعدہ طبی معائنے گردوں کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

editor

Related Articles