افغانستان کی جانب سے ہونے والا پروپیگنڈے کا مرکز بھارت ہے، عبداللہ حمید گل

افغانستان کی جانب سے ہونے والا پروپیگنڈے کا مرکز بھارت ہے، عبداللہ حمید گل

سینئر تجزیہ کار عبداللہ حمید گل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس بڑی مضبوط اور جامع تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاک فوج کا مؤقف نہیں بلکہ پاکستان کی پوری ریاست کا یہی مؤقف ہے۔

عبداللہ حمید گل کا کہنا تھا کہ پاکستان جو بات کررہا ہے وہ حقائق کی بنیاد پر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے ہونے والا پروپیگنڈا دراصل بھارت کے اشارے پر ہے اور اس کا مرکز بھارت ہی ہے۔ ان کے مطابق اس پروپیگنڈے کی بنیادی جڑ بھارت ہے اور اس بات کی تصدیق نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔

عبداللہ حمید گل نے کہا کہ ماضی میں جب سوویت یونین نے افغانستان پر حملہ کیا تھا تو بھارت نے سویت یونین کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ جب بین الاقوامی قوتیں افغانستان میں آئیں تو بھارت نے انہیں بھی دہشتگرد کہا، جبکہ بھارت نے ایک بھی افغان مہاجر کو اپنے ملک میں داخل نہیں ہونے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں خالصتان ریفرنڈم، سکھ برادری کا بھارتی جابرانہ نظام کے خلاف اعلانِ بغاوت

عبداللہ حمید گل کے مطابق بھارتی فلمیں جیسے کابل ایکسپریس اور پانی پت بھارت کی اسی پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی جارہی ہے، خاص طور پر کینیڈا میں دہشتگردی اور سکھ رہنماؤں کے قتل کے بعد بھارت کی پالیسی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جب بھی کوئی کارروائی کرتا ہے تو اس کا باقاعدہ اور کھلے عام اعلان کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کچہری خود کش حملہ کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، عطا اللہ تارڑ

Related Articles