ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے، فاطمہ ثناء دونوں ایونٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی ،دونوں اسکواڈز میں منیبہ علی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبیّن، ایمان فاطمہ، ایمان نصیر، امِ ہانی، طوبہ حسن، نَشرا سندھو اور مومنہ ریاست شامل ہیں۔
ایشیا کپ کے لیے نجیہہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایشین گیمز کے لیے عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال کو شامل کیا گیا ہے،قومی ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری رہے گا۔
دبئی میں ایشیا کپ
ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے،پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کرے گی، قومی ٹیم کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ اہم مقابلہ 5 ستمبر کو دبئی میں ہوگا،ایشیا کپ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔
ایشین گیمز میں بھی ایکشن
دوسری جانب 20ویں ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ 17 سے 22 ستمبر تک جاپان میں منعقد ہوگا، پاکستان اپنی مہم کا آغاز 17 ستمبر کو کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے خلاف کرے گا،ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے تمام میچز ایچی کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلے جائیں گے۔
گولڈ میڈل پر نظریں
پاکستان کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں 20 ستمبر کو سیمی فائنل کھیلنے کا موقع ملے گا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے کانسی اور طلائی تمغوں کے مقابلے 22 ستمبر کو ہوں گے، پاکستان ویمنز ٹیم اس سے قبل 2010ء اور 2014ء کے ایشین گیمز میں کرکٹ کے طلائی تمغے اپنے نام کرچکی ہے، جبکہ قومی ٹیم کی نظریں ایک بار پھر گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ہوں گی۔