صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع خاران میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے خاران میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیے جانے کو اہم کامیابی قرار دیا۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ناگزیر
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیاں کررہی ہیں۔
صدر مملکت نے خاران آپریشن میں حصہ لینے والے سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے دفاع میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر کوششیں جاری رہیں گی۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔