خیبر پختونخوا کے شہریوں کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنا اب پہلے سے زیادہ آسان ہونے والا ہے، صوبے کے دور دراز اور کم سہولت یافتہ علاقوں میں پاسپورٹ خدمات کی توسیع کے لیے بڑے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور انہیں طویل سفر سے بچانا ہے۔
اسلام آباد میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں پاسپورٹ خدمات کو بہتر بنانے کے لیے تفصیلی گفتگو کی گئی، ملاقات میں نئے پاسپورٹ کاؤنٹرز کے قیام، عملے کی تقرری، جدید آلات کی فراہمی اور دیگر انتظامات پر غور کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں پاہارپور، پنیالہ اور درگئی میں نئے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہری بھی اپنے قریبی مقامات پر پاسپورٹ حاصل کر سکیں۔
ہر کاؤنٹر کے لیے تمام ضروری عملہ، آلات اور انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ سہولت مؤثر اور شفاف انداز میں فراہم کی جا سکے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان نئے مراکز کے قیام سے شہریوں کو اپنے گھروں کے قریب پاسپورٹ بنوانے کی سہولت حاصل ہوگی، اور انہیں بڑے شہروں کا طویل سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے وقت اور پیسہ دونوں کی بچت ہوگی۔
یہ سہولت خاص طور پر ان خاندانوں کے لیے فائدہ مند ہوگی جو صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک ملازمت، عمرہ یا ذاتی سفر کرنے والے شہری بھی اس سہولت سے براہِ راست فائدہ اٹھائیں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ جیسے ہی نئے کاؤنٹرز مکمل طور پر تیار ہوں گے، وہ خود ان کا افتتاح کریں گے تاکہ شہریوں کو فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔