فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں پرتگال نے آسٹریا کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سنسنی خیز میچ مجموعی طور پر سخت مقابلے کا حامل رہا جہاں آسٹریا نے مخالف ٹیم کے گول پر نسبتاً زیادہ تابڑ توبڑ حملے کیے تھے لیکن فیصلہ کن موقع پرتگال بازی مار گیا۔
دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں واحد گول انیسو کیبرال نے 32 ویں منٹ میں اسکور کیا جو پرتگال کی برتری اور فتح کے لیے کافی ثابت ہوا۔
یہ دونوں ٹیموں کا اس عمر کے عالمی مقابلے کے فائنل میں پہلا موقع تھا۔ آسٹریا کے اسٹار اسٹرائیکر جوہانس موسر، جو ٹورنامنٹ میں آٹھ گول کے ساتھ سب سے آگے تھے، فائنل میں اپنی ٹیم کو بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
تاہم ان کے متبادل ڈینیئل فریشر میچ کے آخری لمحات میں گول کے قریب پہنچے جب ان کا 85 ویں منٹ میں کم زاویے سے لگایا گیا شاٹ پوسٹ سے ٹکرا گیا اور یوں سنہری موقع ضائع ہوگیا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا

