پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں عمر اکمل اور صائم ایوب کا ریکارڈ برابر کر لیا۔
اتوار کو زمبابوے کے خلاف میچ میں نصف سنچری بنا کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے بابر اعظم سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے آخری لیگ میچ میں اپنی کارکردگی دہرانے میں ناکام رہے اور صرف دو گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی، اس میچ میں دشمنتھا چمیرا کی لینتھ بال نے بابر اعظم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے میدان سے باہر کردیا ۔
یہ بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا 10واں صفر تھا، جس کے ساتھ وہ صائم ایوب اور عمر اکمل کے برابر آگئے، بابر اعظم اب صائم ایوب اور عمر اکمل کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جو اپنے 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 8 بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ کامران اکمل اور محمد حفیظ 7، 7 صفر کے ساتھ ان کے بعد موجود ہیں۔
واضح رہے کہ مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ سری لنکا کے ڈسن شناکا کے نام ہے جو 15 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔