نٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا مکمل شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق ایونٹ بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لیں گی اور انہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے روہت شرما کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔ دفاعی چیمپئن بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، جبکہ اسی گروپ میں نیدرلینڈز، نمیبیا اور امریکا کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ اس گروپ میں پاکستان کی مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے ہوگا۔
پاکستان اور امریکا کی ٹیمیں 10 فروری کو آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ پاکستان اور بھارت کا اہم ترین مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول کیا گیا ہے، جسے شائقین کرکٹ بے حد اہمیت دے رہے ہیں۔ پاکستان اپنا چوتھا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کو دنیا کا مقبول ترین ٹورنامنٹ بنایا جائے گا۔ کونسل کے مطابق اٹلی نے کوالیفائی کرکے ثابت کیا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے 8 مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یکم دسمبر سے مختلف ممالک میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی کا آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے میچز دہلی، کولکتہ، چنئی، احمد آباد، ممبئی، کولمبو اور کینڈی سمیت متعین وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے اعلان نے دنیا بھر کے شائقین میں جوش و خروش بڑھا دیا ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کا 15 فروری کو ہونے والا بڑا مقابلہ ایونٹ کی خاص توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔