واٹس ایپ صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین خود فیصلہ کرسکیں گے کہ ان کا فون نمبر کون دیکھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرایا تھا، تاہم یہ سہولت ابھی تمام صارفین کو دستیاب نہیں ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین اپنے لیے ایک منفرد یوزر نیم منتخب کرکے اسے محفوظ کراسکتے ہیں۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ صارفین کو کسی دوسرے شخص سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا فون نمبر شیئر نہ کرنا پڑے۔
اب کمپنی اسی سہولت کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ کا نیا فیچر، آئی فون صارفین اب پیغامات شیڈول کر سکیں گے
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اینڈرائیڈ کے نئے بیٹا ورژن میں ایک ایسے پرائیویسی فیچر کی آزمائش کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے فون نمبر کی نمائش کو کنٹرول کرسکیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے صارفین کو4 آپشنز دیے جائیں گےEveryoneہر شخص فون نمبر دیکھ سکے گا۔
My Contacts صرف محفوظ شدہ کانٹیکٹس نمبر دیکھ سکیں گے۔
My Contacts Except منتخب کیے گئے کانٹیکٹس کے علاوہ دیگر افراد نمبر دیکھ سکیں گے۔
Nobodyکوئی بھی دوسرا شخص فون نمبر نہیں دیکھ سکے گا۔
صارفین ان میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کرکے طے کرسکیں گے کہ چیٹس اور کالز کے دوران ان کا فون نمبر کس کو نظر آئے۔
تاہم اس سہولت کے استعمال کے لیے یوزر نیم فیچر ضروری ہوگا۔ اگر کسی شخص کے پاس پہلے سے ہی آپ کا فون نمبر موجود ہے تو وہ اسے دیکھ سکے گا، جبکہ یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد کو آپ کا فون نمبر نظر نہیں آئے گا۔
کب دستیاب ہوگا نیا فیچر؟
ڈبلیو اے بیٹا انفوکے مطابق یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور فی الحال بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی باضابطہ رونمائی اور تمام صارفین تک فراہمی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
اس تبدیلی کے بعد واٹس ایپ صارفین کو اپنی شناخت اور ذاتی معلومات محفوظ رکھنے کے لیے مزید کنٹرول مل سکے گا۔
