محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے علاقوں میں 12 اور 13 نومبر کو بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس موسمی نظام کے دوران پنجاب کے بعض علاقوں میں ژالہ باری کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی موسمیاتی صورتحال
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 14 نومبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ اور بنوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی اداروں قبل از وقت موسم سرما کی تعطیلات کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت اور قلات میں آج اور کل بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند روز موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر میں برفباری اور درجہ حرارت میں گراوٹ
محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 14 نومبر تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جن میں مظفرآباد، وادی نیلم، راولاکوٹ، باغ، پونچھ، میرپور، گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، استور اور دیامر کے علاقے شامل ہیں۔
اس موسمی سسٹم کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
زراعت اور انتظامی اداروں کے لیے خصوصی ہدایات
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کی سخت ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں پانچ روزہ پاک اقوامِ متحدہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر، موسمیاتی آفات کی پیشگی نشاندہی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور
برصغیر پاک و ہند کے خطے میں نومبر کے وسط تک موسم کی تبدیلی ایک فطری عمل ہے، جہاں مغربی ہواؤں کے سلسلے بحیرہ روم اور ایران کے راستے داخل ہو کر پاکستان کے شمالی اور مغربی حصوں میں بارش اور برفباری کا باعث بنتے ہیں۔
یہ موسمیاتی تبدیلیاں نہ صرف خریف کی فصلوں کی کٹائی کے بعد اگلی فصلوں (خصوصاً گندم) کے لیے زمین کی زرخیزی اور نمی بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ خشک سالی کے خطرات کو بھی کم کرتی ہیں۔
موجودہ موسمی نظام پاکستان کے زرعی سیکٹر اور آبی ذخائر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نومبر میں ہونے والی یہ بارشیں میدانی علاقوں میں خشک سالی کے خاتمے اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی، تاہم ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری سے آمدورفت اور کھڑی فصلوں کو عارضی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


