اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے لیے ایپس انسٹال کرنے کے طریقہ کار میں ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔ چین کی 4 بڑی اسمارٹ فون کمپنیوں شیاؤمی، اوپو، ویوو اور آنر نے ایک نئے ڈویلپر ویریفکیشن سسٹم پر کام شروع کردیا ہے، جس کا مقصد آفیشل ایپ اسٹورز کے علاوہ دیگر ذرائع سے انسٹال ہونے والی ایپس کے ڈویلپرز کی شناخت کرنا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت ایپ بنانے والے ڈویلپرز کو اپنی اصل شناخت کی تصدیق کرانا ہوگی تاکہ جعلی، دھوکا دہی پر مبنی اور نقصان دہ ایپس کے ذمہ دار افراد کا پتا لگایا جاسکے۔
اس اقدام کی ضرورت اس لیے محسوس کی گئی کیونکہ چین میں اب تک آفیشل ایپ اسٹورز سے باہر دستیاب ایپس کے ڈویلپرز کی شناخت کے لیے کوئی یکساں نظام موجود نہیں تھا۔
ایسی غیر تصدیق شدہ ایپس صارفین کو مالی فراڈ، ذاتی معلومات کی چوری اور ان کی اجازت کے بغیر خریداری جیسے خطرات سے دوچار کرسکتی ہیں۔
اس نظام کو اینڈرائیڈ ڈویلپر ویریفکیشن کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے کسی ایپ کو اس کے تصدیق شدہ ڈویلپر کی شناخت سے منسلک کیا جائے گا۔
شیاؤمی، اوپو، ویوو اور آنر کے آفیشل ایپ اسٹورز پر پہلے سے رجسٹرڈ ایپس اور ان کے ڈویلپرز کی خودکار طور پر تصدیق ہوجائے گی، اس لیے انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تاہم اگر کوئی صارف آفیشل اسٹور کے بجائے کسی ویب سائٹ یا دوسرے ذریعے سے APK فائل کے ذریعے ایپ انسٹال کرنا چاہے گا تو اسے اضافی تصدیقی مرحلے سے گزرنا پڑسکتا ہے۔
اگر ایپ بنانے والے ڈویلپر کی شناخت تصدیق شدہ نہیں ہوگی تو اسمارٹ فون پر ایک وارننگ ظاہر ہوگی، جس میں ایپ کو غیر تصدیق شدہ قرار دیا جائے گا۔ انسٹالیشن جاری رکھنے کے لیے صارف کو خود اس کی منظوری دینا ہوگی۔
شیاؤمی نے تصدیقی عمل شروع کردی
شیاؤمی نے 21 اکتوبر کو ڈویلپرز کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا تھا، جبکہ 31 اکتوبر سے فونز میں باہر سے انسٹال ہونے والی ایپس کی جانچ شروع کردی گئی تھی۔
کمپنی کے مطابق ایپ کی تصدیق کے دوران تین چیزیں دیکھی جائیں گی، جن میں ایپ کا پیکیج نیم، ڈیجیٹل سائننگ کی اور ڈویلپر کی تصدیقی حیثیت شامل ہیں۔ اگر کوئی ڈویلپر اپنی ایپ کا پیکیج نیم یا سائننگ کی تبدیل کرتا ہے تو اسے دوبارہ تصدیقی عمل مکمل کرنا ہوگا۔
آفیشل اسٹورز کے علاوہ ایپس فراہم کرنے والے ڈویلپرز کو شیاؤمی کے HyperOS ڈویلپر پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ اس دوران انفرادی ڈویلپرز اور کمپنیوں دونوں کے لیے اصل شناخت کی تصدیق ضروری ہوگی۔
شیاؤمی کے مطابق شناخت کی تصدیق میں ایک سے تین کاروباری دن لگ سکتے ہیں، جبکہ ایپ کی رجسٹریشن کا اگلا مرحلہ خودکار طور پر مکمل ہوجاتا ہے۔
کیا تصدیق شدہ ایپ مکمل طور پر محفوظ ہوگی؟
شیاؤمی نے واضح کیا ہے کہ ADV کوئی وائرس یا میل ویئر پکڑنے والا نظام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد صرف ایپ بنانے والے ڈویلپر کی شناخت کی تصدیق کرنا ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ کسی ایپ کا تصدیق شدہ ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ اس میں کوئی نقصان دہ سافٹ ویئر موجود نہیں ہوگا۔ اسی طرح غیر تصدیق شدہ ایپ لازمی طور پر خطرناک بھی نہیں ہوتی۔
کمپنی پہلے کی طرح ایپس کی وائرس اور میل ویئر کے حوالے سے الگ جانچ بھی جاری رکھے گی۔ اوپو، ویوو اور آنر نے بھی ڈویلپرز کے لیے اپنی تصدیقی پالیسی سے متعلق دستاویزات جاری کردی ہیں، تاہم ان کے نظام کے مکمل نفاذ کی تاریخیں ابھی واضح نہیں ہیں۔
دوسری جانب گوگل بھی چین سے باہر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے اسی نوعیت کے ڈویلپر ویریفکیشن قواعد متعارف کرا رہا ہے۔ گوگل نے 2025 میں اس پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ایپ ڈویلپرز نے خدشات ظاہر کیے کہ اس سے متبادل ایپ اسٹورز اور آفیشل اسٹورز سے باہر ایپس انسٹال کرنے کی آزادی متاثر ہوسکتی ہے۔
کمپنی نے 30 ستمبر 2026 سے برازیل، انڈونیشیا، سنگاپور اور تھائی لینڈ میں ان قواعد کا نفاذ شروع کردیا ہے۔ گوگل کے منصوبے کے مطابق 2027 میں ان شرائط کو تمام سرٹیفائیڈ اینڈرائیڈ ڈیوائسز تک توسیع دی جائے گی۔
تاہم گوگل ایک متبادل طریقہ بھی فراہم کر رہا ہے جس کے ذریعے صارفین 24 گھنٹے انتظار کرنے کے بعد غیر رجسٹرڈ ڈویلپرز کی ایپس انسٹال کرسکیں گے۔ چین کی چاروں کمپنیوں نے فی الحال اپنے ADV نظام میں اس طرح کی کوئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان نہیں کیا۔
کیا دیگر اسمارٹ فون کمپنیاں بھی اس نظام کا حصہ بنیں گی؟
شیاؤمی، اوپو، ویوو اور آنر نے اپنے ڈویلپرز کے لیے الگ الگ تصدیقی ہدایات جاری کی ہیں۔ چاروں کمپنیاں تصدیق کے نتائج ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گی تاکہ ڈویلپرز کو ہر پلیٹ فارم پر الگ سے ایک ہی عمل دہرانا نہ پڑے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ چین کی دیگر اسمارٹ فون کمپنیاں بھی اس اتحاد میں شامل ہوں گی یا نہیں۔ اس تبدیلی سے ایک طرف جعلی اور دھوکا دہی پر مبنی ایپس کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ دوسری طرف آفیشل اسٹورز سے باہر ایپس انسٹال کرنے والے صارفین اور ڈویلپرز کے لیے عمل مزید پیچیدہ ہوسکتا ہے۔