بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے نے پاکستانی گلوکار حمزہ ملک اور زین زوہیب کے مقبول گانے ’الفاظ‘ کو اپنا پسندیدہ گانا قرار دے دیا ہے، جبکہ معروف برطانوی میوزک پروڈیوسر ایلن واکر کی جانب سے بھی اس گانے میں دلچسپی ظاہر کیے جانے کے بعد مداحوں میں نئی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
اننیا پانڈے نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں پس منظر میں ’الفاظ‘ گانا چل رہا تھا۔ تصویر میں اداکارہ سرخ روایتی لباس میں نظر آئیں اور انہوں نے ساتھ دل کا ایموجی بھی لگایا۔ اداکارہ نے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ یہ دنیا میں ان کا سب سے پسندیدہ گانا ہے۔
دوسری جانب معروف برطانوی گلوکار اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر نے بھی ’الفاظ‘ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حال ہی میں ان کے لاہور کے دورے کے دوران اس گانے کی میوزک ویڈیو پر ان کا ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد حمزہ ملک، زین اور زوہیب کے ساتھ ممکنہ اشتراک کی خبریں بھی گردش کرنے لگیں۔
ایلن واکر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ لاہور کے عالمگیری دروازے کے سامنے اپنے لوگو والا لکڑی کا ایک باکس رکھتے دکھائی دیے۔ ویڈیو کے پس منظر میں ’الفاظ‘ گانا سنائی دے رہا تھا۔
اس پوسٹ کے بعد مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ شاید گانے کا نیا ورژن ’الفاظ 2.0‘ تیار کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
ایلن واکر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مداحوں کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اچھے الفاظ اور تبصروں نے انہیں لاہور میں خوش آمدید محسوس کروایا۔
واضح رہے کہ ’الفاظ‘ کو اسپاٹیفائی پر 50 ملین سے زائد بار سنا جا چکا ہے۔ زوہیب کے آفیشل میوزک اکاؤنٹ کی انسٹاگرام اسٹوری کے مطابق یہ گانا پاکستان اور بھارت کے اسپاٹیفائی چارٹس میں پہلے نمبر پر جبکہ عالمی چارٹ پر 39ویں نمبر تک پہنچ چکا ہے۔
اس کے علاوہ گانے نے اسپاٹیفائی کے گلوبل ٹاپ 50 میں بھی جگہ بنائی، جبکہ یوٹیوب پر اسے 41 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔