5 ہزار ارب روپے خرچ کرنے والی 17 وفاقی وزارتوں کے خاتمے کا معاملہ، وزیراعظم آفس کو نوٹس کی وارننگ

5 ہزار ارب روپے خرچ کرنے والی 17 وفاقی وزارتوں کے خاتمے کا معاملہ، وزیراعظم آفس کو نوٹس کی وارننگ

سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی (ڈیولوشن) کی ذیلی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد گزشتہ 16 برس کے دوران وفاقی حکومت نے صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں اور ان سے متعلق وفاقی وزارتوں و اداروں پر 5 ہزار ارب روپے سے زائد خرچ کیے۔ کمیٹی نے ان اخراجات کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کے لیے مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

سینیٹر بیرسٹر ضمیر حسین گھمرو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر نے 2011 سے 2026 تک صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والے شعبوں سے متعلق وفاقی وزارتوں کے اخراجات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس کے بعد کمیٹی نے وفاقی حکومت کی مالیاتی پالیسی اور 18ویں ترمیم پر عمل درآمد کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھائے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے وزیراعظم آفس کو متعلقہ وزارتوں کے خاتمے کے احکامات جاری کرنے کے لیے حتمی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر پہلے سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد نہ ہوا تو وزیراعظم آفس کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے کا معاملہ زیر غور آسکتا ہے۔

5 ہزار ارب روپے کے اخراجات، آئی ایم ایف کے قرضوں سے بھی زیادہ رقم

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 16 سال میں صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں سے متعلق وفاقی وزارتوں اور اداروں پر خرچ ہونے والی رقم 5 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئی، جو تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے تقریباً 15 ارب ڈالر حاصل کیے، جبکہ اس عرصے میں صوبائی نوعیت کے شعبوں سے متعلق وفاقی اداروں پر اس سے بھی زیادہ رقم خرچ کی گئی۔

سینیٹر گھمرو کا مؤقف تھا کہ اگر 18ویں آئینی ترمیم پر مکمل عمل درآمد کیا جاتا اور صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں میں غیر ضروری وفاقی اخراجات سے گریز کیا جاتا تو پاکستان کو آئی ایم ایف کے پروگراموں پر انحصار سے بچایا جاسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:نیتن یاہو کا ہم شکل ہونا ایرانی دکاندار کو مہنگا پڑگیا، گاہکوں نے منہ موڑ لیا

ان کا کہنا تھا کہ یہ خطیر رقم بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ ہوتی تو ملک کی معاشی اور سماجی صورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔

تعلیم پر 1100 ارب، آبی وسائل پر 935 ارب اور ریلوے پر 687 ارب روپے خرچ

اجلاس میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ اخراجات تعلیم، آبی وسائل، ریلوے اور صحت سے متعلق وفاقی وزارتوں پر کیے گئے۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 16 برسوں میں وزارت تعلیم پر ایک ہزار 100 ارب روپے، وزارت آبی وسائل پر 935 ارب روپے، وزارت ریلوے پر 687 ارب روپے اور وزارت صحت پر 651 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

اسی طرح وزارت ہاؤسنگ پر 398 ارب 40 کروڑ روپے، وزارت صنعت و پیداوار پر 313 ارب روپے، وزارت قومی غذائی تحفظ پر 270 ارب روپے اور وزارت منصوبہ بندی پر 185 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ پر 51 ارب 70 کروڑ روپے، وزارت موسمیاتی تبدیلی پر 48 ارب 80 کروڑ روپے، وزارت انسداد منشیات پر 35 ارب روپے جبکہ وزارت پٹرولیم پر 32 ارب روپے کے اخراجات ہوئے۔

کمیٹی نے ان اخراجات کے آئینی جواز، وفاقی وزارتوں کی ضرورت اور اختیارات کی صوبوں کو منتقلی کے باوجود وفاقی سطح پر مسلسل بجٹ مختص کیے جانے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت، وزارت خزانہ کو سخت تنبیہ

کمیٹی نے وزارت خزانہ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو ہدایت کی کہ صوبائی دائرہ اختیار میں آنے والے شعبوں سے متعلق وفاقی وزارتوں کے لیے مزید فنڈز جاری نہ کیے جائیں۔

سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ وفاقی حکومت صرف انہی شعبوں پر عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم خرچ کرسکتی ہے جو آئین کے تحت اس کی ذمہ داری ہیں۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے محکموں کے لیے وفاقی بجٹ سے رقوم مختص کرنا اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آسکتا ہے۔

کمیٹی کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اس معاملے میں وزارت خزانہ کے متعلقہ حکام کی ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے۔

معاملہ نیب کو بھیجنے کا امکان، کمیٹی نے فی الحال کارروائی سے گریز کیا

اجلاس کے دوران سینیٹر گھمرو نے کہا کہ کمیٹی فی الحال صوبائی شعبوں سے متعلق وفاقی وزارتوں کو بجٹ جاری کرنے کا معاملہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیجنے سے گریز کررہی ہے، تاہم اگر آئینی تقاضوں کی خلاف ورزی جاری رہی تو اس حوالے سے قانونی کارروائی کا معاملہ اٹھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو یہ واضح کرنا ہوگا کہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں میں وفاقی وزارتوں کے لیے بجٹ کی منظوری کس قانونی اور آئینی اختیار کے تحت دی جاتی رہی۔

کمیٹی کے مطابق عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والے وسائل کا استعمال آئین میں متعین اختیارات اور ذمہ داریوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔

وفاقی وزارتیں برقرار رکھنے پر کابینہ ڈویژن کا مؤقف

اجلاس میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کامران افضل نے بتایا کہ متعلقہ وزارتوں کے خاتمے سے متعلق سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کی جاچکی ہے، تاہم اس پر حتمی احکامات موصول نہیں ہوئے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بعض وفاقی اداروں اور وزارتوں کو برقرار رکھنے کے پیچھے انتظامی مسائل، بین الاقوامی رابطوں کی ضروریات اور بعض شعبوں کی ذمہ داریاں صوبوں کو منتقل کرنے میں پیش آنے والی عملی مشکلات بھی شامل ہیں۔

سیکریٹری کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ لاہور کے شیخ زاید اسپتال اور راولپنڈی کے دو طبی اداروں کی ذمہ داریاں پنجاب حکومت کو منتقل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم صوبائی سطح پر ان اداروں کی تحویل سے متعلق مشکلات موجود ہیں۔

دوسری جانب سینیٹر گھمرو نے ان وضاحتوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامی مسائل یا بین الاقوامی ذمہ داریوں کو آئینی تقاضوں سے انحراف کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

17 وزارتوں کے خاتمے کا معاملہ، وزیراعظم کو دوبارہ سمری بھجوانے کی ہدایت

کمیٹی اس سے قبل صحت، تعلیم، قومی غذائی تحفظ، آبی وسائل، موسمیاتی تبدیلی، ہاؤسنگ، ثقافت و ورثہ، ریلوے، صنعت و پیداوار، شماریات، پٹرولیم، بین الصوبائی رابطہ، انسداد منشیات اور دیگر متعلقہ وفاقی وزارتوں کے خاتمے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دے چکی ہے۔

تازہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مشترکہ مفادات کونسل اور کابینہ ڈویژن کی جانب سے مجموعی طور پر 24 متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے خاتمے کے لیے سمریاں وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھیں، تاہم ان پر تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔

کمیٹی نے مشترکہ مفادات کونسل اور کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ صوبائی نوعیت کے شعبوں اور مشترکہ مفادات کونسل کے دائرہ اختیار میں آنے والے اداروں کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کو دوبارہ تحریری سفارشات بھیجی جائیں۔

سینیٹر گھمرو نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 154 کے تحت مشترکہ مفادات کونسل کے دائرہ اختیار میں آنے والے امور متعلقہ آئینی طریقہ کار کے مطابق چلائے جانے چاہییں۔

وفاقی اخراجات 19 ہزار ارب تک پہنچ گئے، قرضوں کے بڑھتے بوجھ پر تشویش

کمیٹی کے سربراہ نے ملک کی مجموعی مالیاتی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اخراجات تقریباً 19 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن کا مجموعی حجم تقریباً 20 ہزار ارب روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اخراجات اور قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے باعث صوبوں اور ترقیاتی ضروریات کے لیے مالی وسائل محدود ہورہے ہیں۔

سینیٹر گھمرو کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضوں کا حجم تقریباً 135 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، ایسے حالات میں سرکاری اخراجات میں کمی اور آئینی ذمہ داریوں کی واضح تقسیم ناگزیر ہوچکی ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے ملازمتوں کے کوٹے میں کمی پر بھی تشویش

اجلاس میں وفاقی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں سندھ اور بلوچستان کی نمائندگی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان کے کوٹے کی کمی پوری کرنے کے لیے 5 ہزار آسامیوں کے اشتہارات جاری کیے گئے ہیں۔

تاہم کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان کے حصے میں 30 ہزار سے زائد جبکہ سندھ کے کوٹے میں 80 ہزار سے زائد ملازمتوں کی کمی کی نشاندہی کی گئی ہے، جسے دور کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات ضروری ہیں۔

کمیٹی نے وفاقی حکومت کو گریڈ 18 سے 22 تک صوبائی نمائندگی کی تفصیلات 15 روز میں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے واضح کیا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت اختیارات کی منتقلی اور وفاقی اخراجات میں کمی کے معاملے پر محض یقین دہانیاں کافی نہیں ہوں گی بلکہ متعلقہ اداروں کو آئینی تقاضوں کے مطابق عملی پیش رفت دکھانا ہوگی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles