گردن کے مسلسل درد سے پریشان ایک بھارتی خاتون نے بہتر نیند اور آرام کے لیے جاپان میں ایک ایسا خصوصی تکیہ خریدا جس کی قیمت پاکستانی ایک لاکھ 17 ہزار روپے ہے۔ مہنگے تکیے کی خریداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
بھارتی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ویپن دیپ کور نے جاپان کے دورے کے دوران اپنی ضرورت اور جسمانی ساخت کے مطابق تیار کروایا گیا یہ تکیہ خریدا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خریداری محض ایک مہنگی چیز خریدنے کے بجائے بہتر نیند کے لیے ایک سرمایہ کاری ہے۔
ویپن دیپ کے مطابق لیپ ٹاپ اور موبائل فون پر طویل وقت گزارنے کی وجہ سے انہیں مسلسل گردن کے درد کا سامنا تھا، جس کے باعث انہوں نے اپنی نیند اور آرام کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے جاپان کے علاقے نیہون باشی میں واقع معروف جاپانی بیڈنگ برانڈ نیشیکاوا کی تقریباً 400 سال پرانی دکان سے یہ تکیہ خریدا۔ 4 نومبر کو انسٹاگرام پر اپنی خریداری کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ تکیہ عام انداز میں تیار نہیں کیا جاتا بلکہ اسے صارف کی جسمانی ساخت، گردن کی پوزیشن اور سونے کی عادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جاتا ہے۔
کیسے تیار کیا جاتا ہے ایک لاکھ روپے سے زائد کا تکیہ؟
ویپن دیپ کے مطابق تکیہ تیار کرنے سے پہلے جاپانی ماہرین صارف کی گردن اور جسم کی پوزیشن کی پیمائش کرتے ہیں۔ اس کے بعد انہیں مختلف اونچائی والے تکیوں پر لٹایا جاتا ہے تاکہ ان کے سونے کے انداز کا جائزہ لے کر مناسب اونچائی کا تعین کیا جاسکے۔
اس پورے عمل کے بعد صارف کی ضروریات کے مطابق تکیہ تیار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس خصوصی تکیے میں بنچوٹان نامی جاپانی سفید کوئلے کے چھوٹے سیاہ ٹکڑے بھی بھرے گئے ہیں، جنہیں تکیے کی بھرائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اس مواد کو آرام اور جسم کی بہتر پوزیشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ویپن دیپ کا کہنا ہے کہ ماضی میں انہوں نے اپنی نیند پر زیادہ توجہ نہیں دی تھی، لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں نیند سے متعلق مسائل کا سامنا ہونے لگا۔ ان کا خیال ہے کہ لیپ ٹاپ پر مسلسل کام کرنے اور موبائل فون کے زیادہ استعمال نے بھی ان کی گردن کو متاثر کیا ہے۔
اسی وجہ سے انہوں نے اپنی نیند کو بہتر بنانے کے لیے جاپان میں اپنی ضرورت کے مطابق تیار کردہ اس خصوصی تکیے پر بڑی رقم خرچ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کی یہ خریداری اب سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے اور صارفین مہنگے تکیے کی قیمت اور اسے تیار کرنے کے منفرد طریقے پر تبصرے کر رہے ہیں۔