فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی سطح پر اسٹیٹس مین بن کر ابھرے، شہباز شریف سے مثالی ہم آہنگی ہے، مزمل سہروردی

فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی سطح پر اسٹیٹس مین بن کر ابھرے، شہباز شریف سے مثالی ہم آہنگی ہے، مزمل سہروردی

سینئر صحافی اور تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک جنگجو جنرل سے عالمی سطح کے مدبر اور سفارت کار تک کا سفر طے کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے درمیان سول ملٹری تعلقات کی ہم آہنگی اپنی مثال آپ ہے، گزشتہ چار برس سے جاری یہ تعلق پاکستان کی سیاسی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی سیاست، بلاول بھٹو کی حکمت عملی، خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی، مریم نواز کی سیاسی حیثیت اور تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں کے مستقبل پر بھی اہم تبصرے کیے۔

آزاد ڈیجیٹل کے پوڈکاسٹ ’’آزاد سیاست‘‘ میں میزبان عدیل حاصف سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ابتدائی شناخت ایک جنگجو جنرل کی تھی، تاہم معرکہ حق کے بعد ایران جنگ میں سفارتی کردار نے انہیں عالمی سطح پر ایک مدبر شخصیت کے طور پر متعارف کرایا۔ ان کے بقول فیلڈ مارشل نے ثابت کیا کہ وہ نہ صرف جنگی معاملات میں سخت فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ متحارب فریقوں کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے کا فن بھی جانتے ہیں۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران دنیا نے فیلڈ مارشل کی سختی، حوصلے اور دفاعی عزم کا مشاہدہ کیا، جبکہ ایران جنگ کے دوران ان کی شخصیت کا دوسرا پہلو سامنے آیا، جب انہوں نے سفارت کاری، مذاکرات اور دشمنوں کو ایک میز پر بٹھانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق ایک جنرل میں جنگی صلاحیت اور سفارتی معاملہ فہمی کا ایسا امتزاج بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی ایک نمایاں خوبی یہ بھی ہے کہ وہ اپنے کام کا کریڈٹ لینے یا ذاتی تشہیر میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ وہ غیر ملکی دوروں اور اہم ملاقاتوں کے حوالے سے پریس کانفرنسیں نہیں کرتے اور ان کی سفارتی گفتگو کی تفصیلات بھی منظرعام پر نہیں آتیں۔ ماضی کے آرمی چیفس کے برعکس ان کا انداز زیادہ خاموشی سے کام کرنے کا ہے۔

فیلڈ مارشل کے عالمی کردار کے حوالے سے گفتگو میں امریکہ، چین، روس، ایران، یورپ اور عرب ممالک کے ساتھ رابطوں کا بھی ذکر ہوا۔ مزمل سہروردی نے انہیں مسلم دنیا کی بااثر شخصیات میں نمایاں مقام کا مستحق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں فیلڈ مارشل کو اس سے بھی بلند مقام ملنا چاہیے تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ پاکستان میں ماضی کے مختلف سیاسی ادوار میں حکومتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ہم آہنگی رہی ہے، لیکن اکثر یہ تعلق زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکا۔ عمران خان، نواز شریف اور بے نظیر بھٹو کے ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ’’سیم پیج‘‘ موجود رہا، تاہم موجودہ ہم آہنگی کی اصل اہمیت اس کے طویل دورانیے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امان اللہ مفت میں گھر کیوں دے گا؟ مزمل سہروردی نے فضل الرحمان اور ان کے فرنٹ مین کا کچا چٹھا کھول دیا

ان کا کہنا تھا کہ 2022 سے سول ملٹری قیادت کے درمیان ہم آہنگی برقرار ہے اور یہ اس کا چوتھا سال ہے۔ ان کے مطابق اتنے طویل عرصے تک سیاسی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اختلافات سامنے نہ آنا پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک غیر معمولی مثال ہے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ملکی و عالمی بحرانوں، داخلی سیاست اور بین الاقوامی معاملات میں مل کر فیصلے کررہے ہیں۔ ان کے بقول دونوں کے تعلقات میں اتنی مضبوط ہم آہنگی ہے کہ ان کے درمیان اختلاف کی گنجائش دکھائی نہیں دیتی۔

انہوں نے دونوں شخصیات کی مثال ایک کتاب کے دو صفحات سے دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کتاب کھولنے پر دونوں صفحات ایک ساتھ سامنے آتے ہیں، اسی طرح موجودہ سول ملٹری ہم آہنگی کے دو بنیادی ستون شہباز شریف اور عاصم منیر ہیں۔ موجودہ تعلقات کے مستقبل سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فی الحال ایسا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا کہ دونوں شخصیات کے درمیان اختلاف پیدا ہو یا یہ ہم آہنگی ختم ہوجائے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل کے بارے میں حتمی پیش گوئی ممکن نہیں، البتہ موجودہ حالات میں یہ تعلق مزید طویل عرصے تک برقرار رہتا دکھائی دیتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی سیاست اور عسکریت پسند گروہوں کے حوالے سے سوال پر مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا ماضی میں افغان طالبان کے لیے نرم گوشہ رکھتے رہے ہیں، تاہم انہیں تحریک طالبان پاکستان کا حامی قرار دینا درست نہیں۔ ان کے مطابق ٹی ٹی پی مولانا فضل الرحمان پر جان لیوا حملے کرچکی ہے اور وہ ماضی میں اس تنظیم کی حمایت نہیں کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا سیاسی پس منظر مذہبی سیاست سے جڑا ہوا ہے، تاہم انہوں نے ماضی میں عسکری جدوجہد کے بجائے سیاسی جدوجہد کو ترجیح دی۔ مزمل سہروردی نے مولانا کے حالیہ سیاسی رویے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اب بھی عسکری جدوجہد کے بجائے سیاسی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطوں پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک طرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ چل رہی ہے اور دوسری طرف اسٹیبلشمنٹ مخالف سیاسی شخصیات کو بھی ساتھ رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے اس حکمت عملی کو ’’گڈ کاپ، بیڈ کاپ‘‘ سیاست قرار دیا۔ مزمل سہروردی کے مطابق بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کی گفتگو سے کسی بڑی سیاسی پیش رفت کی زیادہ امید دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے اس تناظر میں صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا بھی ذکر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان نے لوٹ مار بمعہ اہل و عیال کی تو احتساب بھی بمعہ اہل عیال ہوگا ،فیاض الحسن چوہان

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے معاملے پر مزمل سہروردی نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ صرف پریس کانفرنسوں اور الزامات سے کام نہیں چلے گا بلکہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں عمل میں لانا ہوں گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر واقعی پاکستان کے معدنی وسائل لوٹے گئے تو اس میں ملوث افراد اب تک آزاد کیوں ہیں؟ ان کی گرفتاریوں میں کون رکاوٹ بن رہا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آرز اور نیب ریفرنسز کیوں درج نہیں کیے گئے؟

مزمل سہروردی نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کو پہلے متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور گرفتاریاں یقینی بنانی چاہئیں تھیں، اس کے بعد پریس کانفرنس کرنی چاہیے تھی۔ ان کے مطابق اگر سونے کی غیر قانونی کان کنی کے الزامات درست ہیں تو ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے اور حاصل کی گئی غیر قانونی دولت قومی خزانے میں واپس آنی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان الزامات کے بعد عملی کارروائی نہ ہوئی تو لوگ اسے سیاسی حربہ قرار دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ سونا خریدنے اور فروخت کرنے والے متعلقہ افراد کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

اس حوالے سے انہوں نے پنجاب میں ایک وینڈر کو پیشگی ادائیگی کے معاملے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک کروڑ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرائے گئے تھے۔ ان کے مطابق سونے کی غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں بھی محض بیانات کافی نہیں بلکہ قومی دولت کی واپسی اور ذمہ داروں کا احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’پریس کانفرنس نہیں چاہیے، احتساب چاہیے۔‘‘ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ مریم نواز دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں زیادہ نمایاں قومی سیاسی شخصیت ہیں۔ ان کے مطابق مریم نواز کو مستقبل کی وزارت عظمیٰ کی امیدوار اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا حصہ سمجھا جاتا ہے، جبکہ مراد علی شاہ، سرفراز بگٹی اور سہیل آفریدی کا سیاسی پروفائل ان سے مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قومی سیاسی حیثیت کے باعث انہیں زیادہ سیاسی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے انہیں فیصلوں اور عوامی رابطوں میں غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہے۔ مزمل سہروردی نے مریم نواز سے متعلق ایک متنازع معاملے، جسے گفتگو میں ’’جہاز‘‘ کہا گیا، کو سیاسی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے نے ان کی سیاست کو نقصان پہنچایا اور ان کے اچھے کام بھی پس منظر میں چلے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی رابطوں اور سیکیورٹی پروٹوکول پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی قیادت کے عوام کے قریب رہنے کے حامی ہیں اور سیکیورٹی کے نام پر حکمرانوں اور عوام کے درمیان غیر ضروری فاصلے پیدا کرنے کے حق میں نہیں۔ مریم نواز کی ڈیجیٹل میڈیا حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافت کا بنیادی کام حکمرانوں کی تعریف نہیں بلکہ ان کی غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ ان کے مطابق حکومتوں کو تنقید پسند نہیں آتی اور بعض اوقات اپنی غلطیوں کو چھپانے کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا سہارا لیا جاتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے سیاسی مستقبل پر تبصرہ کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ فی الحال فواد چوہدری پاکستانی سیاست کے فعال کھلاڑی نہیں بلکہ ایک سیاسی مبصر اور تبصرہ نگار ہیں۔ ان کے مطابق جب تک فواد چوہدری پارلیمنٹ میں واپس نہیں آتے، انہیں عملی سیاست کا مرکزی کردار نہیں سمجھا جاسکتا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کی سیاسی حیثیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف پاکستان کے کامیاب سیاستدانوں میں شامل ہیں، جو مختلف سیاسی ادوار میں انتخابات جیتتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق خواجہ آصف کی بطور وزیر دفاع کامیابی کی ایک بڑی وجہ سول ملٹری ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں ان کا کردار ہے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ خواجہ آصف بھی موجودہ سول ملٹری تعلقات کے بنیادی معماروں میں شامل ہیں اور انہوں نے مسلم لیگ ن اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گلوکار اور سابق پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کی سیاست میں ممکنہ واپسی کے سوال پر مزمل سہروردی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابرار الحق ایک ناکام سیاستدان رہے ہیں اور وہ خود پریس کانفرنس کرکے سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابرار الحق تحریک انصاف کے عروج کے دور میں بھی کوئی انتخاب نہیں جیت سکے اور مشکل وقت آنے پر سیاست سے الگ ہوگئے۔ ان کے مطابق ابرار الحق کو اب سیاست کے بجائے گلوکاری اور فنڈ ریزنگ پر توجہ دینی چاہیے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ ابرار الحق کے تقابل پر مزمل سہروردی نے کہا کہ احسن اقبال ایک تجربہ کار اور کامیاب سیاستدان ہیں، جنہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی جماعت کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس لیے دونوں کا سیاسی موازنہ مناسب نہیں۔

Related Articles