حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں 3، 3 روپے فی لیٹر کم کردی گئی ہیں، تاہم نئی قیمتوں کا اطلاق صرف ایک روز یعنی 19 نومبر 2026 کے لیے ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے منظور کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 322 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل پیٹرول 325 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 3 روپے فی لیٹر کم کردی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 355 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ روز اس کی قیمت 358 روپے فی لیٹر مقرر تھی۔
اوگرا کے اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق 19 نومبر 2026 کے لیے ہوگا۔ اس طرح صارفین کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 3 روپے کی کمی کا فائدہ صرف ایک روز کے لیے حاصل ہوگا۔