مذاکرات میں اصل رکاوٹ بانی پی ٹی آئی ہیں، حکومت کی جانب سے کوئی ابہام نہیں: رانا ثناء اللّٰہ

مذاکرات میں اصل رکاوٹ بانی پی ٹی آئی ہیں، حکومت کی جانب سے کوئی ابہام نہیں: رانا ثناء اللّٰہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات کی راہ میں اصل رکاوٹ خود بانی پاکستان تحریک انصاف ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے معاملے میں کسی قسم کا ابہام موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابہام دوسری طرف ہے، نہ کہ حکومت کی جانب سے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ وزیراعظم نے مذاکرات کی پیش کش کرنے سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف یا اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں نہ لیا ہو۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی پیش کش کی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دوسری اور تیسری درجے کی قیادت تو مذاکرات کی خواہش کا اظہار کر رہی ہے، لیکن جب تک بانی پی ٹی آئی کی جانب سے واضح طور پر ڈائیلاگ کی پالیسی سامنے نہیں آتی، اس وقت تک کتنی ہی ملاقاتیں کیوں نہ ہو جائیں، نتیجہ سامنے نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ کہا جاتا ہے کہ فلاں کو مذاکرات کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ اصل فیصلہ بانی پی ٹی آئی کو ہی کرنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو واضح طور پر یہ کہنا چاہیے کہ آیا وہ مذاکرات کے حق میں ہیں یا تشدد کی سیاست چاہتے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کسی کو مذاکرات کا اختیار نہیں دیا، اور علیمہ خان بھی یہ کہہ چکی ہیں کہ جو مذاکرات کرے گا وہ ان میں شامل نہیں سمجھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خٹک کو لاہور کینٹ میں داخلے کی اجازت کیوں نہ ملی ؟ تحریک انصاف کا ایک اور جھوٹا بیانیہ بے نقاب

مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال کا پیغام دیا گیا ہے، اور سوال یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی حالیہ ملاقاتوں سے کیا حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کیوں نہیں کہتی کہ وزیراعظم کی پیش کش موصول ہو چکی ہے اور یہ بتایا جائے کہ کس وقت ملاقات کے لیے حاضر ہونا ہے۔ رانا ثناء اللّٰہ کے مطابق وزیراعظم یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ اگر پی ٹی آئی قیادت ان کے دفتر نہیں آتی تو وہ اسپیکر چیمبر میں ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

Related Articles