پاکستانی سفیر سہیل محمود نے ترقی پذیر اسلامی ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے سیکرٹری جنرل کا منصب باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔ اس سلسلے میں استنبول میں واقع ڈی 8 سیکرٹریٹ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکن ممالک کے سفارت کاروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل سہیل محمود نے سابق سیکرٹری جنرل سفیر امام کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ’ان کی قیادت میں ڈی 8 نے ادارہ جاتی استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کی‘۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تنظیم کے وژن کے مطابق ترجیحی پروگراموں اور سٹریٹجک منصوبوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔
سہیل محمود نے کہا کہ ’ڈی 8 رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے‘۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور قریبی رابطے ناگزیر ہیں۔
تقریب کے دوران رکن ممالک کے نمائندوں نے سہیل محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں ڈی 8 مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ سہیل محمود ایک سینئر اور تجربہ کار سفارت کار ہیں اور وہ 2019 سے 2022 تک پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں علاقائی اور بین الاقوامی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے، جسے ڈی 8 تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔