رمضان المبارک کے پیشِ نظر میٹرک کے سالانہ امتحانات سے متعلق بڑا فیصلہ

رمضان المبارک کے پیشِ نظر میٹرک کے سالانہ امتحانات سے متعلق بڑا فیصلہ

لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے رمضان المبارک کے پیشِ نظر میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کیمطابق  ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات 27 مارچ سے شروع کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے،عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد امتحانی عمل کا آغاز ہو، اس حوالے سے بورڈ نے 27 مارچ سے امتحانات کے آغاز کی باقاعدہ اجازت طلب کر لی ہے۔

لاہور بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ شیڈول کو پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (PBCC) کے سامنے رکھا جائے گا، جس کی منظوری کے بعد میٹرک کے سالانہ امتحانات کی حتمی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

 بورڈ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ رمضان المبارک میں طلبہ کو درپیش مشکلات، روزے کی حالت میں امتحانات دینے کے دباؤ اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب طلبہ کی جانب سے اس فیصلے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض طلبہ کا کہنا ہے کہ میٹرک کے امتحانات یکم مارچ سے ہی شروع کر دیے جانے چاہئیں اور عیدالفطر کے موقع پر ایک ہفتے کی چھٹیاں دی جائیں، تاکہ امتحانی تسلسل بھی برقرار رہے اور عید کی خوشیاں بھی متاثر نہ ہوں۔ طلبہ کے مطابق امتحانات کو طویل عرصے تک پھیلانے سے ذہنی دباؤ میں اضافہ ہوتا ہے۔

طلبہ نے اس جانب بھی توجہ دلائی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز بھی 23 مارچ سے متوقع ہے، جس کے باعث امتحانات کے دوران ٹریفک، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان عوامل کو بھی امتحانی شیڈول ترتیب دیتے وقت مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

لاہور بورڈ حکام کے مطابق تمام متعلقہ پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ایسا امتحانی شیڈول ترتیب دیا جائے جو طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ سب کے لیے قابلِ عمل ہو، حتمی فیصلہ پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کی منظوری کے بعد جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles