محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 21 سے 23 اگست کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ موسمی نظام کے باعث مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ بعض مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر موجود ہے، جس کے زیرِ اثر متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 21 اگست کی شام یا رات سے 23 اگست کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
اسی طرح 22 اگست کو سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش
موسم کی پیشگوئی کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 21 سے 23 اگست کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 21 اور 22 اگست کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا امکان ہو۔