فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی ملاقات، اہم پیش رفت

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی ملاقات، اہم پیش رفت

کانگو کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا دفاعی وفد جی ایچ کیو پہنچا جہاں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم پیش رفت بھی ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسیع اور مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف پھر ایکشن میں، ن لیگ میں خوشی کی لہر

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے تلاش کریں گے۔ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے کردار اور سیکیورٹی تعاون کی اہمیت بھی زیر بحث آئی۔

کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دفاعی شعبے میں مقامی پیداوار، خود انحصاری اور جدید دفاعی صلاحیتوں کے حصول کے لیے حاصل کی جانے والی پیش رفت کی بھی تعریف کی۔

اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں بھی دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانگو کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید ادارہ جاتی بنیادوں پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles